مغربی آسٹریلیا میں سرد موسم کے باعث گندم کی فصل شدید متاثر
سڈنی (اے پی پی) آسٹریلیا کے برآمدی ماہرین نے کہا ہے کہ سرد موسم کے باعث ملک کے مغربی حصے میں گندم کی فصل شدید متاثر ہوئی ہے۔کوآپریٹو بلک ہینڈلنگ کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق حالیہ سرد موسم کے باعث گندم کی ملکی پیداوار شدید متاثر ہوئی ہے اور اب تک کے جائزوں کے مطابق کل پیداوار کا 15 فیصد حصہ تباہ ہوچکا ہے۔
انھوں نے کہا کہ مغربی آسٹریلیا میں 2016-17 ء کی اجناس کی مجموعی پیداوار 13 سے 14 ملین ٹن رہنے کی توقع ہے جو کہ 15-17 ملین ٹن کے پیشگی اندازوں سے کہیں کم ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اجناس میں گندم کا حصہ 60 فیصد سے زیادہ ہے جس کے مطابق گندم کی پیداوار 7.8-8.4 ملین ٹن رہنے کی توقع ہے۔دوسری جانب سرکاری اداروں نے گندم کی مجموعی پیداوار 28.1 ملین ٹن رہنے کی پیشنگوئی کی تھی جس میں مغربی علاقوں کا حصہ 10.5 ملین ٹن رہنے کی توقع ہے۔