پاڑا ہرن کے غیر قانونی شکار پر وائلڈ لائف کی کاروائی ، پانچ ملزمان گرفتار

پاڑا ہرن کے غیر قانونی شکار پر وائلڈ لائف کی کاروائی ، پانچ ملزمان گرفتار

لاہور( نمائندہ خصوصی) ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس خالد عیاض خان کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف لاہو رعبدالشکور منج کی سربراہی میں تشکیل دی گئی چھاپہ مار ٹیم نے پاکستان رینجرز کی مدد سے سرحدی علاقے میں چھاپہ ما ر کر پاڑا ہرن کے غیر قانونی شکار میں مصرف 7افراد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے دومادہ پاڑا ہرن( جن میں ایک مادہ حاملہ تھی ) او رایک نر پاڑا ہرن ، ایک ڈبل کیبن ڈالہ نمبر8283 ، ایک بندوق 12بور ، 2رائفل اور شکار کرنے کا دیگر سامان برآمد کرلیا ہے جبکہ دو ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق چھاپہ مار ٹیم کے سربراہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر عبدالشکور منج کو خفیہ طو رپر اطلاع ملی کہ چند ملزمان کالاخطائی جنڈیالہ چیک پوسٹ کے سرحدی علاقے میں شکار کررہے ہیں جس پر انہوں نے اپنی ٹیم کے ہمراہ پاکستان رینجرز کی مدد سے پانچ ملزمان چوہدری زاہد حبیب، پرویز یونس مسیح، ممشاد گل خان ، ذکا اللہ اور بشیر علی وغیرہ کو گرفتار کر لیا جبکہ دو ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔ملزمان کی طرف سے محکمانہ معاوضہ کی درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے اعزازی چیف گیم وارڈن پنجاب شاہ رخ بٹ نے ملزمان سے ساڑھے چار لاکھ روپے جرمانہ وصول کرلیا ہے۔ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس خالد عیاض خان نے چھاپہ مار ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان کیلئے تعریفی اسناد دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ فرض شناس افسران و اہلکاران محکمے کا اثاثہ ہیں اور ان کی ہرسطح پر حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...