حکومت پنجاب کھیلوں کے فروغ کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے، رانا مشہود

حکومت پنجاب کھیلوں کے فروغ کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے، رانا مشہود

لاہور(خبرنگار) صوبائی وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود احمد خاں نے کہاہے کہ حکومت پنجاب کھیلوں کے فروغ کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سپورٹس نوجوانوں میں نظم وضبط اور ایک دوسرے سے سبقت لے جانے کی تحریک پیدا کرنے کا اہم ذریعہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر تعلیم نے ڈرنگ اسٹیڈیم بہاول پور کے مطیع اللہ آسٹروٹرف ہاکی گراؤنڈ میں ضلع کے نامور سکولوں گورنمنٹ ٹیکنیکل ہائی سکول اور گورنمنٹ کینٹ ہائی سکول کے مابین کھیلے گئے دوستانہ نمائشی ہاکی میچ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ہے۔اس موقع پر سیکرٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن شہباز سینئر بھی بطور مہمان تقریب میں شریک ہوئے۔ یہ میچ بہاول پور کے سرکاری سکولوں میں سکول کی سطح پر’’ کھیلوں کے احیا وفروغ پراجیکٹ ‘‘کے تحت کھیلا گیا تھا۔میچ سے قبل دونوں سکولوں کی ٹیموں کے کھلاڑیوں کا صوبائی وزیر سے تعارف کروایا گیا۔تقریب میں سیکرٹری پی ایچ ایف شہباز سینئر نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت کے کھیلوں کے فروغ کے اقدام سے جلد ہی جونئیر مطیع اللہ خان، سمیع اللہ اور شہباز نکلیں گے۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر ڈاکٹر احتشام انور مہار نے کہا کہ سکولوں میں سپورٹس کے فروغ کے لئے کھیلوں کے مختص پیریڈز کو بحال کر دیا گیا ہے جس سے طلباوطالبات میں کھیلوں سے رغبت پیدا ہو گی۔تقریب میں ممبران اسمبلی مسز فوزیہ ایوب قریشی، صبیحہ نذیر،حسینہ ناز، ہاکی کے نامور کھلاڑی وسابق ایئر پورٹ منیجر بہاول پور ہدایت اللہ، نامور اولمپیئن مطیع اللہ خان، ایگزیکٹیو ڈسٹرکٹ آفیسر تعلیم چوہدری بشیر احمد، سابق صدر چیمبر آف کامرس ڈاکٹر رانا طارق، مشہور دانشور حبیب اللہ بھٹہ بھی شریک تھے۔تقریب میں ضلع بھر کے سکولوں کے سربراہان، ہیڈ ماسٹرز وہیڈ مسٹریس اور کھیلوں سے شغف رکھنے والے کھلاڑی طلباوطالبات ، سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے افراد اورمحکمہ سپورٹس کے افسران سید متین احمد، مقصود الحسن، طلعت مسعود،تیمور ثمین ودیگربھی موجود تھے۔تقریب میں صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان نے ضلع بھر کے 101سکولوں میں کھیلوں کا سامان تقسیم کیا جن میں 50سکولوں کو فٹ بال، 50کو ہاکی اور 85سکولوں کو والی بال کا سامان دیا گیا۔تقریب میں انتظامی امور کے فرائض اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹر محمد طیب اور اسسٹنٹ کمشنر صدر حسنین خالد سنپال نے سنبھالے جبکہ تقریب میں میزبانی کے فرائض محمد شکیل نے ادا کئے۔ تقریب کے آخر میں ضلع بھر سے آئے ہوئے سکولوں کے سربراہان کے حوالہ کھیلوں کا سامان کیا گیا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...