بلدیاتی اداروں کے نہ ہونے سے عوام بے شمار مسائل کا شکار ہیں،ذکر اللہ مجاہد

بلدیاتی اداروں کے نہ ہونے سے عوام بے شمار مسائل کا شکار ہیں،ذکر اللہ مجاہد

لاہور( نمائندہ خصوصی) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہاہے کہ عوام کے منتخب نمائندوں کو ا ختیارات نہ دینا عوامی مینڈیٹ کو مسترد کرنے کے مترادف ہے اور عرصہ دراز سے بلدیاتی اداروں کے نہ ہونے کی وجہ سے عوام بے شمار مسائل کا شکار ہیں۔ ان خیالات کااظہار گذشتہ روز انہوں نے دفتر جماعت اسلامی لاہور میں مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے وفود سے گفتگو کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ ایک سال گذرنے کے باوجود ابھی تک منتخب بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات نہیں دیے گئے ہیں یہ سراسر ان کے ساتھ زیادتی اور عوام کے ساتھ مذاق ہے ۔انہوں نے کہاکہ منتخب نمائندوں سے عوام کو بہت سی توقعات وابسطہ ہیں اورعرصہ دراز سے بلدیاتی اداروں کے فعال نہ ہونے کی وجہ سے عوام گونا گوں مسائل کا شکار ہیں اورشہر بھر کے اکثر علاقوں میں گلیاں ٹوٹ پھوٹ کا شکا ر ، سیوریج کا نظام درھم برہم، پینے کا صاف پانی نا پید اور سٹریٹ لائٹس کا نظام نہ ہونے کے برابر ہے۔انہوں نے کہاکہ جب تک عوامی نمائندوں کے پاس کوئی اختیار ہی نہیں ہو گاتو وہ لوگوں کے مسائل کیسے حل کریں گے ۔ذکر اللہ مجاہد نے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا کہ عوام کو بیوروکریسی کے رحم و کرم پر چھوڑنے کی بجائے بلدیاتی اداروں اور ان کے منتخب نمائندوں کو ان کے آئینی اور قانونی اختیارات فوری منتقل کرے تاکہ وہ بہتر انداز میں عوام کی خدمت کرسکیں جس مقصد کے لیے لوگوں نے انھیں ووٹ دیئے تھے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...