ائیرپورٹ روڈ مرکز الہادی میں جدید واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح

ائیرپورٹ روڈ مرکز الہادی میں جدید واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح

لاہور(نمائندہ خصوصی)فلاح انسانیت فاؤنڈیشن لاہور کی جانب سے ائیرپورٹ روڈ مرکز الہادی میں ایک اور جدید واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کر دیا گیا۔ چار لاکھ روپے سے زائد مالیت کا یہ پلانٹ علاقے کے عوام الناس کو صاف شفاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے نصب کیا گیا ہے۔ واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح خطیب مرکز الہادی ابو حفص علی نے کیاجبکہ اس موقع پر فلاح انسانیت فاؤنڈیشن نیو ڈیفنس کے مسؤل اشتیاق احمد، چوہدری حنیف بھٹی، چوہدری احسان الحق، حاجی اکرم گجر، حاجی خالد جاوید، نواز علوی اور چوہدری نبیل سمیت معززین علاقہ اور مرکزی الہادی کے نمازی بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔ افتتاحی تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے اشتیاق احمد نے کہا کہ صاف شفاف بیماریوں سے پاک پانی محفوظ زندگی کی علامت ہے ۔

یہ ہر شخص کی ضرورت بھی ہے اوراس کا بنیادی حق بھی۔ ہمارے ملک میں پینے کے پانی کے معیار کا جائزہ لینے کا پروگرام نہ ہونے کے برابر ہے۔ آلودہ پانی بہت سے امراض کو جنم دے رہا ہے اور لوگوں کا اس مسئلے سے لاعلم رہنا زیادہ تشویش ناک ہے۔انہوں نے کہا کہ صحت شعبہ پر توجہ دینا وقت کی بڑی ضرورت ہے اسی مقصد کے تحت فلاح انسانیت فاؤنڈیشن رفاہ عامہ کے میدان میں بیک وقت کئی شعبہ جات میں کام کر رہی ہے۔ FIFنے ہمیشہ اس بات پر اپنی توجہ مرکوز رکھی ہے کہ ضرورت مندوں اور مستحق لوگوں کا خیال رکھا جائے اور ایک صحت مند معاشرہ تشکیل پائے۔اشتیاق احمد نے کہا کہ ہم گردو نواح میں بھی کار خیر کے ایسے منصوبوں کے لیے اپنی کوششوں کو جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر اہل علاقہ نے FIF کی جانب سے فلاح و بہبود کی اس کاوش کو سہراتے ہوئے جماعۃ الدعوۃکا شکریہ ادا کیا ۔

مزید : میٹروپولیٹن 4


loading...