منشیات فروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن ، ضلع ننکانہ کے 2ملزمان گرفتار

منشیات فروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن ، ضلع ننکانہ کے 2ملزمان گرفتار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(کر ائم رپورٹر ) لوئر مال پولیس نے بند روڈ نزدمیاں منشی ہسپتال کے سامنے ناکہ بندی کرکے ضلع ننکانہ صاحب کے رہائشی 2منشیات فروشوں احسان الٰہی عرف علی شا ن اورمظہر اقبال کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے 63کلو سے زائد چر س برآمد کر لی ۔یہ بات گزشتہ روزایس پی سٹی محمد نوید نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران بتائی ۔انہوں نے اس موقع پر مزید کہا کہ ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف کی ہدایت پر منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جارہا ہے اور خفیہ اطلاع کے ذریعے معلوم ہوا کہ کلٹس گاڑی نمبری 7904 LRF-پر 2منشیات فروش چرس کی بھاری مقدار لے کر کسی دوسرے علاقے میں سپلائی کرنے جارہے ہیں جس پرایس ایچ او لوئر مال عاصم جہانگیر سمیت پولیس اہلکاروں کی خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی جنہوں نے بند روڈ نزد میاں منشی ہسپتال کے سامنے ناکہ بندی کر کے ملزمان کو گاڑی سمیت پکڑ کر بھاری مقدار میں منشیات برآمدکر لی ۔ملزمان میں ا حسان الٰہی عرف علی شا ن اورمظہر اقبال شامل ہیں ۔ملزمان نے ابتدائی تفتیش میں انکشاف کیا کہ وہ لاہور سمیت ساہیوال اور فیصل آباد میں کرایہ کے مکانوں میں رہائش پذیر ہوتے اور منشیات فروخت کرنے کے لئے مختلف گاڑیوں کا استعمال کرتے تھے۔ ایس پی سٹی محمد نوید نے منشیات فروشوں کی گرفتاری پر ایس ایچ او لوئر مال عاصم جہانگیر اور ان کی ٹیم کو شاباش دی اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے ۔

مزید :

علاقائی -