عوام نے پاکستان کی قسمت کھوٹی کرنیوالوں کی منفی سیاست کو کھوٹا کردیا :شہباز شریف

عوام نے پاکستان کی قسمت کھوٹی کرنیوالوں کی منفی سیاست کو کھوٹا کردیا :شہباز ...

 لاہور(سٹی رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، ملکی صورتحال اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ باشعور عوام نے اپنے مثبت طرز عمل سے ثابت کیا ہے کہ وہ اب کسی کو ذاتی مفادات کیلئے پاکستان کی قسمت کھوٹی کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ شفافیت، دیانت، امانت اور خدمت کی سیاست کے سامنے الزام تراشی، انتشار، افراتفری اور جھوٹ کی منفی سیاست کو مات ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم تخریبی سیاست کرنے والو ں کے چہروں اور ان کے عزائم کو پہچان چکی ہے۔ دھرنا پارٹی کی ترقی اور خوشحالی کے تیز سفر کو روکنے کی ناپاک سازش عوام نے ناکام بنائی اور انتشار کی سیاست سے یکسر لاتعلق رہے اور باشعور عوام نے پاکستان کی قسمت کھوٹی کرنے والوں کی منفی سیاست کو کھوٹا کر دیا ہے۔ اسلام آباد بند کرنے کی دھمکیوں کے پیچھے دراصل ملک کی تیزرفتارترقی اور عوام کی خوشحالی کا خوف تھا۔دھرنا گروپ خوفزدہ ہے کہ اگر ملک میں جاری عوامی فلاح و بہبود اور توانائی کے منصوبے مکمل ہوگئے تو ان کی ذاتی مفادات کی سیاست ہمیشہ کے لئے دفن ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے قومی وسائل کو بے دردی سے لوٹا اور قومی وسائل عوام کو سہولتیں فراہم کرنے پر خرچ کرنے کے بجائے اپنی جیبیں بھریں،اسی طرح دور آمریت میں ترقیاتی سکیموں کے نام پر کرپشن اورلوٹ مار کا بازار گرم رہاجبکہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے منصوبوں میں شفافیت اوراعلی معیار کے رحجان کو فروغ دیا ہے اوراربوں روپے کے قومی وسائل بچا کر نئی مثال قائم کی ہے جس کی ماضی میں کوئی نظیر نہیں ملتی ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ 2013 کے مقابلے میں آج پاکستان بہت بدل چکا ہے اور وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ہر شعبے میں بے پناہ کامیابیاں حاصل کی ہیں اور آئندہ ڈیڑھ برس میں ترقی و خوشحالی کا سفر پہلے سے بڑھ کر جاری و ساری رہے گا۔سپیکر قومی اسمبلی ایازصادق نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف جس محنت کے ساتھ عوام کی خدمت میں دن رات مصروف عمل ہیں اس کی مثال نہیں ملتی اور موجودہحکومت نے شفافیت کے ذریعے ترقیاتی منصوبوں میں اربوں روپے کے قومی وسائل بچا کر نئے کلچر کو پروان چڑھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان میں بہتر ہوتی صورتحال کا عالمی ادارے بھی برملا اعتراف کر رہے ہیں اور پاکستان ترقی و خوشحالی کی منزل کی جانب بڑھ رہا ہے۔ ان حالات میں منفی اور انتشار کی سیاست ملک و قوم کی ترقی کیلئے زہر قاتل ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے کے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے پروگرام کے مختلف امور پر اب تک ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پینے کا صاف پانی نہ صرف شہریوں کا بنیادی حق بلکہ ان کی اولین ضرورت بھی ہے اور اسی مقصد کے پیش نظر ’’خادم پنجاب صاف پانی پروگرام‘‘ پر عملدرآمد کیلئے اربوں روپے کے فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس اہم پروگرام کا تعلق براہ راست انسانی صحت سے جڑا ہے اور اس پروگرام کے تحت شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی سے آلودہ پانی سے پھیلنے والی بیماریوں سے نجات ملے گی۔ مفاد عامہ کے اس پروگرام کو تیزی سے آگے بڑھانے کیلئے پیشہ ورانہ انداز سے کام کرنا ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وسائل قوم کی امانت ہیں اور صاف پانی پروگرام وسائل عوام پر خرچ کرنے کا منصوبہ ہے جسے بتدریج تیزی سے آگے بڑھایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے پروگرام کیلئے شفاف طریقے سے منتخب کمپنیوں کے ساتھ معاہدوں کو جلد سے جلد حتمی شکل دی جائے اور پنجاب صاف پانی کمپنی میں نئے تعینات ہونے والے ٹیکنیکل و دیگر عملے کی تربیت بھی جلد مکمل کی جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پروگرام پر عملدرآمد اور مانیٹرنگ کے لئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مدد سے جامع نظام وضع کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ معیار اور رفتار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور معیار کو یقینی بنانے کیلئے پری اور پوسٹ شپمنٹ انسپکشن لازمی ہوگی۔ جرمن کنسلٹنٹ فرینز ڈی کارنے نے پروگرام پر عملدرآمد کے اہم امور کے حوالے سے بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر ہاؤسنگ تنویر اسلم ملک،چیئرمین پنجاب صاف پانی کمپنی ساؤتھ ایم پی اے محمد کاشف ، چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری ہاؤسنگ، چیف ایگزیکٹو پنجاب صاف پانی پنجاب ساؤتھ اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

مزید : صفحہ اول


loading...