اربوں روے کا سکینڈل، اینٹی کرپشن کے 21اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کیلئے لاہور، قصور، شیخوپورہ اور گوجرانوالہ میں چھاپے

اربوں روے کا سکینڈل، اینٹی کرپشن کے 21اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کیلئے لاہور، ...

لاہور(خبرنگار) اینٹی کرپشن پنجاب نے اربوں روپے کے لینڈ سیکنڈل میں ملوث سابق رکن قومی اسمبلی منور منج کے بیٹے سلمان منج، داماد (سابق اے ڈی سی قصور) عامر عقیق، بھتیجے ، ایک سابق بریگیڈیئر ابراہیم خالد سمیت محکمہ ریونیو کے متعدد افسران وغیرہ 21 اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے لئے لاہور، قصور، شیخوپورہ اورگوجرانوالہ میں چھاپے مارے ہیں۔ اینٹی کرپشن نے سابق رکن قومی اسمبلی منور منج کے داماد سابق اے ڈی سی قصور عامر عقیق ، منور منج کے بیٹے سلمان منج، بھتیجے اور سابق بریگیڈیئر ابراہیم خالد سمیت 21 ملزمان کے خلاف قصور میں واقع اربوں روپے مالیت کی 1205 کنال سرکاری اراضی ہتھیانے کے الزام میں مقدمہ درج کر رکھا ہے۔ جس میں سابق اے ڈی سی او قصور عامر عقیق نے دوران تعیناتی یہ اراضی جعلسازی اپنے سسرالیوں کے نام انتقال کر دی تھی۔ اینٹی کرپشن لاہور ریجن کے ڈائریکٹر عدنان ارشد اولکھ، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر فرحان علی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر عمر مقبول اور سرکل افسر زبیر اخلاق پر مشتمل چارالگ الگ ٹیموں نے لاہور پولیس ، قصور پولیس، شیخوپورہ پولیس اور گوجرانوالہ پولیس کے ہمراہ چھاپے مارے ہیں جس میں عامر عقیق کے گھر واقع جی او آر تھری شادمان لاہور، بریگیڈیئر ابراہیم خالد کے گھر واقع ڈیفنس، شیخوپورہ میں سلمان منج کی گرفتاری کے لئے منور منج کے گھر پر چھاپہ مارا۔ اسی طرح منور منج کے بھتیجے کی گرفتاری کیلئے ایمن آباد گوجرانوالہ جبکہ قصور اور دیگر مقامات پر محکمہ ریونیو کے افسران کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے گئے ہیں۔ تاہم ملزمان کی گرفتاری عمل میں نہ لائی جا سکی۔ اینٹی کرپشن کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر عمر مقبول کے مطابق منور منج کے بیٹے سلمان منج، بھتیجے ، بریگیڈیئر ابراہیم خالد اوردامام عامر عقیق سمیت تمام ملزمان کے نام ای سی ایل میں شامل کروا دئیے گئے ہیں اور گرفتاری کے لئے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔

مزید : صفحہ آخر


loading...