بارات سائیکل پر جائیگی اور دلہن بھی اسی پر بٹھا کرلاؤں گا
نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت میں ایک دولہا نے ذاتی گاڑی ہونے کے باوجود بارات سائیکل پر جانے اور اسی پر دلہن لانے کا انوکھا اعلان کر دیا ہے۔ انڈیا ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق بھارتی شہر سورت کے ہرکسن نامی دولہا نے اس کی وجہ یہ بیان کی ہے کہ وہ اپنے اس اقدام سے بے ہنگم ٹریفک اور آلودگی کے خلاف لوگوں کو آگہی دینا چاہتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق دولہا باراتیوں کے ہمراہ سائیکل پر شہر کی مختلف سڑکوں سے ہوتا ہوا شادی کے مقام پر پہنچے گا اور پھرسائیکل پر بٹھا کر ہی نیتا نامی دلہن کو اپنے گھر لائے گا۔کمیونٹی آرگنائزیشن سوراستر پٹیل سیوا سماج کے صدر کانجی بھلال کا کہنا تھا کہ ’’سورت کو ٹاپ 20سمارٹ شہروں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے اس لیے اس شہر کے باسیوں کو اپنی صحت، ٹریفک اور آلودگی کے متعلق زیادہ باشعور ہونا چاہیے۔ آلودگی اور بے ہنگم ٹریفک میں کمی کے لیے سائیکل کا استعمال آزمودہ فارمولا ہے۔دولہا کے اس اقدام سے شہریوں کو سائیکل پر سفر کرنے کی ترغیب ملے گی۔