انٹر کالجیٹ مقابلے،لائبہ مسعود ٹورنامنٹ کی بہترین کھلاڑی قرار

انٹر کالجیٹ مقابلے،لائبہ مسعود ٹورنامنٹ کی بہترین کھلاڑی قرار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور( سپورٹس رپورٹر) 7 واں انٹر سکول اینڈ انٹر کالجیٹ کے زیر اہتمام پنجاب اولمپک 2016ء کے مقابلے اختتام پذیر ہو گئے۔یہ ٹورنامنٹ 3 تا 5 نومبر تک جاری رہا۔ اس ٹورنامنٹ میں لاہور گرائمرسکول جوہر ٹاؤن برانچ کی طالبات نے گولڈ میڈل حاصل کر لئے۔ بیڈ منٹن کے کھیلوں میں لاہور گرائمر سکول جوہر ٹاؤن برانچ کی کھلاڑی دو سگی بہنیں حمدہ مسعود اور لائبہ مسعود نے ڈبل بیڈ منٹن میں گولڈ میڈل حاصل کئے جبکہ سنگلز بیڈمنٹن کے مقابلے میں لائبہ مسعود نے سونے کا تمغہ حاصل کیا۔ اس کے علاوہ لائبہ مسعود کو ٹورنامنٹ کابہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔ ٹورنامنٹ کے اختتام پر گزشتہ روز انعامات تقسیم کرنے کی تقریب کاانعقاد کیا گیا جس میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی کھلاڑیوں حمدہ مسعود اور لائبہ مسعود کو گولڈ میڈلز اور سونے کے تمغہ سمیت دیگر انعامات سے نوازا گیا۔ اس موقع پر کھلاڑی لائبہ مسعود اور حمدہ مسعود نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بہترین کھیل کا مظاہرہ کرنے پر بہت خوش ہیں اور اس کامیابی میں ہماری کوچ زرینہ وقار کا اہم کردار جس کی انتھک محنت کی بدولت ہم نے اپنا ٹارگٹ حاصل کیا۔ ہونہار کھلاڑیوں نے مزید کہا کہ بیڈمنٹن انٹرنیشنل کھیل ہے ۔ حکومت اگر اس کھیل کی بہتری کے لئے توجہ دے تو یہ کھیل کرکٹ کی طرح نمایاں مقام حاصل کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ موجود تاہم وسائل کی کمی کے باعث بیڈمنٹن کا کھیل فروغ نہیں پا رہا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل حمدہ مسعود اور لائبہ مسعود نے متعدد قومی و بین الاقوامی کھیلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈلز اور تمغے حاصل کر چکی ہیں۔ ہونہار کھلاڑیوں کی کوچ زرینہ وقار نے کہا کہ ہم کھلاڑیوں کی صلاحیتیں اجاگر کرنے کے لئے دن رات محنت کرتے ہیں۔ اس موقع پر دونوں کھلاڑیوں (سگی بہنوں) کے والد رائے مسعود احمد نے کہا کہ آج کے نوجوانوں میں بہت ٹیلنٹ موجود ہے ، بس انہیں سامنے لانے کی ضرورت ہے۔ مگر اس کے لئے حکومت اور متعلقہ سپورٹس انتظامیہ کو مزید توجہ دینے کی ضرورت ہے۔