جماعت اسلامی سیاسی جماعتوں میں جمہوری لحاظ سے پہلے نمبر پر ہے ، عنایت اللہ
پشاور (سٹاف رپورٹر) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر بلدیات و دیہی ترقی عنایت اﷲ نے کہاہے کہ جماعت اسلامی واحد سیاسی جماعت ہے جس میں یونین کونسل امیراور شوریٰ سے لے کر مرکزی امیر اور مرکزی شوریٰ تک تمام ذمہ داران کا باقاعدہ انتخاب ہوتا ہے اور پلڈاٹ ہر سال جو رپورٹ شائع کرتا ہے اس میں جماعت اسلامی پاکستان کے تمام سیاسی جماعتوں میں جمہوری لحاظ سے پہلے پوزیشن پر ہے جبکہ پلڈاٹ کے ایک دوسرے سروے کے مطابق جماعت اسلامی کے تمام ممبر قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کی کارکردگی تمام جماعتوں سے بہتر ہے اور اگر عوام 2018ء کے الیکشن میں پارٹی پر اعتماد کرے تو پارٹی کی تمام تنظیمیں انتظامی اور علمی صلاحیتوں اور وسائل کو عوام کی بہتری کے لئے ا ستعمال کریں گے اور پاکستان کو عام لحاظ سے ایک اسلامی اور خوشحال فلاحی ریاست بناکر دم لیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے دیر میں نئے منتخب ہونے والے ضلعی امیرکے حلف برداری کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں مقامی لوگوں کے علاوہ صوبائی امیر مشتاق احمد خان بھی موجود تھے ۔عنایت اﷲ نے کہا کہ محکمہ بلدیات اور محکمہ اوقاف کی آمدنی میں سو فیصد اضافہ ، پشاور شہر کو خوبصورت اور دوبارہ پھولوں کا شہر بنانا ، محکمہ خزانہ کو بہترین مالی ، انتظامی اور اسلامی حدود پر استوار کرنا ، مرکز سے بجلی کے خالص منافع میں اضافہ ، خیبر بینک میں اسلامی بینکاری ، عشر سیل کا قیام ، نجی سود کا خاتمہ اور نظام تعلیم کو اسلامی حدود پر استوار کرنا ایسے اقدامات ہیں جو جماعت اسلامی کی وزراء کی صلاحیتوں اور ان کی اسلام دوستی اور عوام کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر صوبے میں مکمل اقتدار جماعت اسلامی کو مل جائے تو صوبے کو دبئی اور سنگا پور طرز پر ترقی دیں گے ۔ اس موقع پر صوبائی امیر مشتاق احمد خان اور ضلعی امیر حنیف اﷲ ایڈوکیٹ نے بھی خطاب کیا ۔