سپیکر اسد قیصر سے نجی سکولوں کے سر براہان کی ملاقات،50ہزار غریب بچوں کی مفت تعلیم کا اعلان
پشاور (سٹاف رپورٹر) سپیکرخیبر پختونخوا اسمبلی اسدقیصر نے کہا ہے کہ نجی تعلیمی ادارے علم کی روشنی پھیلانے کے ساتھ ساتھ صوبائی حکومت کا ہاتھ بٹانے میں کلیدی کردار ادا کررہے ہیں ۔ان کی ہدایت پر آل پاکستان پرائیویٹ سکول مینجمنٹ ایسوسی ایشن نے نجی سکولوں میں پچاس ہزار غریب ونادار سٹریٹ چلڈرن کو مفت تعلیم وتربیت دینے کا اعلان کیا ۔سپیکرنے ان خیالات کا اظہار سپیکرکیمپ آفس واقع مرغز(صوابی ) میں ڈاکٹرذاکرشاہ کی زیر قیادت آل پاکستان پرائیویٹ سکول منیجمنٹ ایسوسی ایشن کے ایک وفدسے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے اس موقع پر کہا کہ تعلیم صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اسی بنا ء پر حکومت نے امسال اے ڈی پی میں تعلیم کے فروغ کیلئے کثیر فنڈزمختص کرکے تعلیم کے ساتھ تاریخ میں پہلی مرتبہ سنجیدگی کا اظہار کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ نجی تعلیمی ادارے صوبہ میں شرح خواندگی میں اضافہ کرنے کے علاوہ صوبائی حکومت کا تعلیمی اہداف کے حصول میں ہاتھ بٹارہے ہیں ۔سپیکر نے کہا کہ حکومت کو نجی تعلیمی اداروں کی مشکلات کا احساس ہے اور حکومت کی ہرممکن کوشش ہے کہ نجی تعلیمی اداروں کی مکمل حوصلہ افزائی کی جائے ۔انہوں نے وفد کو یقین دھانی کروائی کہ حکومت ان کے تمام مسائل بتدریج حل کرنے کیلئے کوشش کرے گی ۔سپیکراسدقیصر کی ہدایت پر لبیک کہتے ہوئے مذکورہ ایسوسی ایشن نے پرائیویٹ سکولوں میں تقریباًپچاس ہزار غریب ونادار سٹریٹ چلڈرن کو مکمل طور پر مفت تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کااعلان کیا۔