کراچی میں حالیہ دہشت گردی لمحہ فکریہ ہے،حافظ نعیم الرحمن

کراچی میں حالیہ دہشت گردی لمحہ فکریہ ہے،حافظ نعیم الرحمن

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کراچی میں جاری ٹارگٹ کلنگ کی حالیہ لہر اور چند دن میں 10افراد کی ہلاکت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے قتل کی واردتوں کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ کراچی میں اچانک ٹارگٹ کلنگ کی وارداتیں حکومت اور قانونی نافذ کرنے والے اداروں کے لیے لمحہ فکریہ ہے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ بعض شر پسند عناصر قومی اتحاد و یکجہتی اور مذہبی ہم آہنگی کو ختم کرنا چاہتے ہیں ،تعصب اور فرقہ واریت کی فضا قائم کر کے عوام کو آپس میں لڑانا چاہتے ہیں اور ملک دشمن عناصر کے عزائم کو مزید توانا اور طاقتور بنانا چاہتے ہیں۔حافظ نعیم الرحمن نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے سوال کیا کہ اتنی سخت چیکنگ ، جگہ جگہ ناکوں اور ٹارگٹڈ کارروائیوں کے باجود یہ بات انتہائی حیرت انگیز ہے کہ دہشت گردعناصرتمام کارروائیاں کر کے اسلحہ سمیت فرار بھی ہوجاتے ہیں اور پھر پولیس واردات کے بعد موٹر سائیکل سواروں کو تنگ کرنا اور انہیں پکڑنا شروع کردیتی ہے اور ان کی گلو خلاصی صرف رشوت دے کر ہی ہوپاتی ہے ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ امن و امان کا قیام کراچی کے شہریوں کا حق ہے۔ حالیہ دہشت گردی سے شہری شدید ذہنی انتشار ومشکلا ت کا شکار ہیں ۔ حافظ نعیم الرحمن نے مطالبہ کیا ہے کہ دہشت گردوں کا تعلق خواہ کسی بھی گروہ سے ہو انہیں فوری گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دلائی جائے ۔