حکومت نے چوہدری پرویز الٰہی کو اپوزیشن سے مذاکرات کے لئے مکمل اختیار دے دیا
اسلام آباد(اے این این)حکومتی مذاکراتی کمیٹی نے چودھری پرویز الہی کو مولانا فضل الرحمان سے مذاکرات کا مکمل اختیار دے دیا،یہ فیصلہ حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے بھی چودھری پرویز الہی کو کچھ لو کچھ دو کی بنیاد پر مذاکرات کا اختیار دے دیا ہے۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ چودھری پرویز الہی کی مولانا فضل الرحمان سے رات کی ملاقات میں اہم پیشرفت متوقع ہے۔جمعیت علما اسلام(ف)کے رہنما مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے استعفے تک آزادی مارچ اور تحریک جاری رہے گی، آنے والا جمعہ بھی پنڈال ہی میں پڑھائیں گے۔مسلم لیگ ق کے رہنما اور حکومتی کمیٹی کے رکن چوہدری پرویز الہی نے آج ایک بار پھر جمعیت علما اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی۔ملاقات کے بعد چوہدری پرویز الہی کا کہنا تھا کہ سربراہ جے یو آئی کے ساتھ معاملات حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور مثبت پیش رفت ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کئی چیزیں ساتھ ساتھ چل رہی ہیں، تھوڑا صبر اور محنت کرنے کی ضرورت ہے۔چوہدری پرویز الہی کا کہنا تھا کہ محنت اس لیے ہو رہی ہے کہ مثبت طریقے سے معاملات منطقی انجام کو پہنچ سکیں، ہمارے مقصد کو کامیابی ملے گی لیکن تھوڑا وقت لگے گا۔