آصف ڈینٹل کالج کی طالبہ نمرتا کماری کو ریپ کرنے کے بعد قتل کیا گیا
لاڑکانہ(ڈیلی پاکستان آن لائن )آصفہ ڈینٹل کالج ہاسٹل میں مردہ پائی گئی نمرتا کماری کی میڈیکل رپورٹ جاری کردی گئی جس میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ نمرتا کو قتل کرنے سے پہلے اس کے ساتھ زیادتی کی گئی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ کے ڈینٹل کالج ہاسٹل میں مردہ پائی گئی نمرتا کی میڈیکل رپورٹ جاری کردی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ نمرتا کی موت گلا دبنے اور دم گھٹنے کی وجہ سے ہوئی ہے۔حتمی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق نمرتا کماری کے گلے پر نشانات موجود تھے، کیا نمرتا کی موت پھندے پر لٹکنے سے ہوئی ہے اس کا فیصلہ شواہد پر ہوگا۔حتمی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نمرتا کے دل، گردے، جگر، پھیپھڑے نارمل نکلے ہیں، کیمیکل ایگزامینیشن میں زہر کے آثار نہیں ملے ہیں۔رپورٹ کے مطابق نمرتا کماری کے جسم، کپڑوں سے ایک مرد کا ڈی این اے ملنا ثابت ہوگیا ہے۔نمرتا کماری کی حتمی پوسٹ مارٹم رپورٹ ایم ایل او ڈاکٹر امرتا نے جاری کی ہے، حتمی پوسٹ مارٹم رپورٹ جوڈیشل کمیشن کو بھی بھیج دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ 16 ستمبر کو لاڑکانہ کے چانڈکا میڈکل کالج کے ہاسٹل سے کراچی سے تعلق رکھنے والی طالبہ نمرتا کی لاش برآمد ہوئی تھی، کالج انتظامیہ نے واقعے کو خودکشی قرار دینے کی کوشش کی مگر مقتولہ کے بھائی ڈاکٹر وشال نے خودکشی کے امکان کو رد کیا تھا۔یاد رہے کہ چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے نمرتا قتل کیس کی عدالتی تحقیقات کرنے کی اجازت دے دی تھی، سیشن جج لاڑکانہ نے سندھ حکومت کی درخواست پر اجازت طلب کی تھی۔