پاکستان قطر جوائنٹ ورکنگ گروپ اجلاس کو حتمی شکل دینے پر متفق

  پاکستان قطر جوائنٹ ورکنگ گروپ اجلاس کو حتمی شکل دینے پر متفق

  



اسلام آباد(آئی این پی) پاک قطر مشترکہ وزارتی کمیشن کے پانچو یں اجلاس میں فریقین نے دونوں ممالک میں تجارتی نمائشوں کے قیام پر ترغیب دیتے ہوئے جون میں مفاہمت کی یادداشت کی بنیاد پر تجارت و سرمایہ کاری سے متعلق جوائنٹ ورکنگ گروپ کے اجلاس کو حتمی شکل دینے پر اتفاق کر لیا، جس کے ذریعے دونوں ممالک کی تیار شدہ سامان اور مصنوعات کو متعارف کرویا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق پاک قطر مشترکہ وزارتی کمیشن کا پانچواں اجلاس دوحہ میں ہوا، جس کی مشترکہ صدارت پاکستان کے وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان اور قطر ی وزیر تجارت و صنعت علی بن احمد الکواری نے کی۔ اجلاس سے پہلے دونوں وزرا نے باہمی امور پر علیحدہ ملاقات بھی کی۔ مشترکہ کمیشن نے پاکستان اور قطر کے مابین دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جامع جائزہ لیا گیا۔ دوطرفہ تعاون کو مضبوط اور بڑھانے، تجارت، سرمایہ کاری اور صنعت، ٹرانسپورٹ، توانائی، افرادی قوت کی برآمدات، تعلیم، سائنس اور ٹیکنالوجی، فنانس، سیاحت اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں فروغ کیلئے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ فریقین نے باہمی تجارتی و سرمایہ کاری کے تعلقات کی حوصلہ افزائی کیلئے طویل المیعاد اور پائیدار شراکت کا عزم کیا۔ مشترکہ کمیشن نے دونوں ممالک کے نجی شعبوں کو باہمی تجارت کو فروغ دینے کے میکانزم کا قیام، قطرپاکستان مشترکہ بز نس کونسل کو فعال بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ دونوں ممالک میں تجارتی نمائشوں کا انعقاد،تیار شدہ سامان و مصنوعات کو متعارف کروانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ مزید براں دونوں فریقوں نے سرمایہ کاری کے تعاون کو فروغ دینے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ قطری شرکا نے پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع کی تلاش کئے، علاوہ ازیں قطر میں پاکستان سے انتہائی ہنر مند اور پیشہ ور افرادی قوت کیلئے روزگار کے مواقع بڑھانے، ایوی یشن، ثقافت اور سیاحت میں تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

پاکستان،قطر

مزید : پشاورصفحہ آخر