ایبٹ آباد میں بھی سبزیوں کی قیمتوں کو پرلگ گئے، عوام کی دسترس سے باہر
ایبٹ آباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر) سبزیوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ، عوام کی قوت خرید جواب دے گئی۔ ٹماٹر130، ادرک 480 روپے میں فروخت ہونے لگی، ڈیلروں نے افغانستان سے سبزی کی درآمد کو قیمتوں میں اضافے کی وجہ قرار دے دیا ہے ضلع مانسہرہ میں سبزیاں عوام کی قوت خرید سے باہر، ٹماٹر کی قیمت میں مزید اضافے کے بعد130روپے فی کلو ہوگئی،ادرک 480 روپے، سبز مرچ 240 روپے، مٹر 300 روپے، پیاز 100 روپے اور شملہ مرچ 300 روپے فی کلو فروخت ہونے لگی۔صوبے کے دیگر اضلاع اور بیرون ملک سے سبزیاں منگوانے والے ڈیلر بھی پریشان ہو گئے، ان کے مطابق ٹماٹر طورخم کے راستے افغانستان سے منگواتے ہیں، ایک ٹرالر پر پہلے 90 ہزار روپے خرچہ آتا تھا، اب ٹیکسز کے باعث ایک ٹرالر پر3 لاکھ روپے تک خرچہ آتا ہے جس سے قیمتوں میں اضافہ ہوا،سبزی کی آسمان سے باتیں کرتی قیمتوں نے شہریوں کو بھی صرف دور سے دیدار تک ہی محدود کر دیا ہے گوشت کے بعد سبزیوں کی خریداری بھی اب مشکل ہو گئی ہے۔