خیبر پختونخوا حکومت صوبے میں آئی ٹی کے فروع کے لئے سنجیدہ ہے ، شہباز خان

خیبر پختونخوا حکومت صوبے میں آئی ٹی کے فروع کے لئے سنجیدہ ہے ، شہباز خان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا حکومت صوبے میں انفارمیشن اینڈ کمیونکیشن ٹیکنالوجی کے فروع کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھارہی ہے۔ آئی ٹی کے شعبے میں سرمایہ کاری اور ترقی کی بدولت ہم نہ صرف جدید دور میں ترقی کی دوڑ میں شامل ہوسکتے ہیں بلکہ صوبے کے نوجوانوں کو باعزت روزگار بھی فراہم ہوسکے گا۔ ان خیالات کا اظہار خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر شہباز خان نے آئی ٹی بورڈ کے دورے پر آئے ہوئے آسٹریلین ہائی کمیشن کے دورکنی وفد سے ملاقات کے دوران کےا۔ وفد کی قیادت آسٹریلین ہائی کمیشن کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن بریک باٹلے کررہے تھے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر آئی ٹی بورڈ عاصم جمشید، ڈائریکٹر مارکیٹنگ محمد منیم خان، ڈپٹی ڈائریکٹر عاصم اسحاق، پراجیکٹ منیجر ایم ڈی ٹی ایف سعد جاوید اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔اس موقع پر ڈاکٹر شہباز خان نے آسٹریلین ہائی کمیشن کے وفد کو آئی ٹی بورڈ کے مختلف اقدامات اور منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ انہوں نے پاکستان کے سب سے بڑے سرکاری اینکوبیشن سنٹر درشل، یوتھ ایمپلائمنٹ پروگرام، ارلی ایج پروگرامنگ، خیبرپختونخوا سائبر سیکورٹی رسپانس سنٹر اور ملک کے پہلے حکومتی سرپرستی میں قائم کردہ بزنس پروسیسنگ آوٹ سورسنگ (بی پی او) کے اعراض ومقاصد سے مہمانوں کو آگاہ کیا۔ انہوں نے وفد کو بتایا کہ دور جدید کے تقاضوں کے مطابق صوبے کے بیشتر اداروں کو ڈیجٹیلاز کیا جارہا ہے۔ ڈاکٹرشہباز کا کہنا تھا کہ آئی ٹی بورڈ صوبے کے سرکاری، نیم سرکاری محکموں اور خودمختاراداروں کو آئی ٹی کی مد میں تکنیکی معاونت کے ساتھ ساتھ مختلف مواقع پر تربیتی ورکشاپ اور سیمنارز کا انعقاد بھی کررہا ہے۔وفد نے خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے منصوبوں اور اقدامات خصوصا درشل اور بی پی او میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر آسٹریلین ہائی کمیشن کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن بریک باٹلے کا کہنا تھا کہ آئی ٹی بورڈ کے کم وقت میں زیادہ اور کامیاب منصوبے قابل تعریف ہیں۔ انہوں نے صوبے کے نوجوانوں کی عملی تربیت کے لئے شروع کردہ پراجیکٹس کو بھی سراہا اور مستقبل میں آئی ٹی بورڈ کی معاونت کی یقین دہانی کرائی۔آسڑیلین ہائی کمیشن کے وفد کو خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے زیرانتظام نئے تعمیر شدہ بی پی او کا دورہ بھی کرایا گیا۔ وفد نے بی پی او میں موجود سہولیات اور انتظامات کو سراہا۔ یاد رہے کہ آئی ٹی بورڈ کا قائم کردہ بی پی او مکمل طور پر تیار ہوچکاہے اور روان مہینے اس کا باقاعدہ افتتاح بھی کر دےا جائیگا جس میں صوبے کے تقرےباً سات سو نوجوانوں کو براہ راست روزگار فراہم ہوگا۔