پاکستان پلاسٹک شو اختتام پذیر‘ایک لاکھ افراد نے نمائش کادورہ کیا

        پاکستان پلاسٹک شو اختتام پذیر‘ایک لاکھ افراد نے نمائش کادورہ کیا

  



لاہور(پ ر)پاکستان پلاسٹک شو 2019ء متعدد بصیرت آمیز سیشنز، ٹیکنالوجی اور سٹریٹجک فیصلوں کے بعد لاہور میں اختتام پذیر ہوگیا۔ اس اہم معلوماتی ایونٹ میں انڈسٹری کے پروفیشنلز، میڈیا اور عوام کی جانب سے زبردست ردعمل دیکھنے میں آیا۔ اختتامی تقریب میں ہر نمائش کنندہ کاروباری ادارے کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔ نمائش ایکسپو سینٹر لاہور میں 04سے 06نومبر 2019ء تک منعقد ہوئی جس کا اہتمام پاکستان پلاسٹک مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کی جانب سے کیا گیا تھا۔ ایونٹ میں 100 سے زائد مقامی اور بین الاقوامی نمائش کنندگان نے شرکت کی اور تین روز کے دوران ایک لاکھ سے زائد افراد کا ہجوم رہا۔ نمائش میں شرکت کرنے والوں میں پلاسٹک انڈسٹری کے پروفیشنلز، کاروباری شخصیات، طلباء، گھریلو خواتین اور عوام شامل تھے۔ پلاسٹک مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے صدرسید نبیل ہاشمی نے اس موقع پر کہا کہ نمائش میں صنعت کے تمام اہم کرداروں اور عوام کی جانب سے پرجوش شرکت دیکھی گئی۔ یہ نمائش متعدد معلوماتی سیشنز پر محیط تھی۔

 جن میں معیشت کے اس اہم شعبہ کی برآمدی صلاحیت، ابھرتے ہوئے رجحانات، صلاحیتوں اور پیداواریت پر روشنی ڈالی گئی۔ ”پاک پلاس 2019ء“ کے پیٹرن عثمان زکریا نے کہا کہ یہ ایک خوشگوار تجربہ تھا کہ یہ گرینڈ ایونٹ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا، اس نے اجتماعی اقدامات کیلئے راہ مہیاء کی اور پلاسٹک پروسیسنگ انڈسٹری کے تمام بڑے شراکت داروں کو شامل کیا۔ 

پی پی ایم (نارتھ) کے صدر ایس ایم طارق نے کہا کہ اس شو نے بھرپور کامیابی حاصل کی، اس میں شرکت کرنے والی 100 کمپنیوں نے انتطامات کو سراہا جبکہ لوگوں کا زبردست ردعمل دیکھنے میں آیا۔ نمائش میں شرکت کرنے والوں میں صنعتی خریدار، ماہرین، کاروباری شخصیات، ریگولیٹرز، سرمایہ کار اور بین الاقوامی اور مقامی کاروباری اداروں سے پروفیشنل مندوبین شامل تھے جو معیشت کے اس اہم شعبہ میں باہمی تعاون اور اپنے کاروباری تعلقات کو فروغ دینے کے قابل ہوئے۔ ماہرین میں بن رشید گروپ نے متعدد بصیرت آمیز سیمینارز کا انعقاد کیا جہاں پروفیشنل شرکاء نے گہری دلچسپی ظاہر کی۔ سیشن میں تکنیکی اور مستند معلومات فراہم کی گئیں۔ 

مزید : کامرس