عشق رسولؐ کا تقاضہ ہے کہ نظام مصطفی ؐعملاً نافذ کیا جائے ٗ حمیراخالد
کراچی (پ ر)عشق رسول ؐکا تقاضا یہ ہے کہ نظام مصطفی ؐکو قائم کرنے کی کوشش کی جائے جس نے پہلے بھی انسانیت کی تقدیر بدلی تھی اور جو آج بھی انسانوں کے دکھوں اورغموں کا مداوا اور مسائل کا حل ہے،نبی کریم صل اللہ علیہ وسلم کی بعثت اللہ کاہم پر بہت بڑا احسان ہے،ہمارے لیے سیرت رسول اللہ سے واقفیت حاصل کرنا ضروری ہے اس سے علم اور محبت میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔یہ بات جماعت اسلامی حلقہ خواتین کراچی کی نائب نا ظمہ حمیرا خالد نے ڈیفینس میں خواتین ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ سیرت کے حوالے سے ہونے والے اس پروگرام میں حمیرا خالد نے کہا کہ نظام مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم سے مراد ملکی اداروں کو اس شر یعت اوراسلامی قوانین کے مطابق چلا نا ہے جو اللہ اور اس کے رسول ؐنے بتائے ہیں۔اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے اس نظام کو عملاً نافذ کر کے دکھایا۔مختلف واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ صحابہ کرام کی صداقت،امانت،سچائی ہر چیز اعلیٰ معیار کی تھی۔ مفتی اور علماء مقرر کیے گئے تھے جو وقتاً فوقتاً بازاروں کا جائزہ لیتے رہتے تھے۔تعلیم وتربیت کاشتکار ی غرض ہرشعبہ زندگی میں دور جاہلیت کے طریقوں کو ختم کر کے اسلام کے روشن قوانین کو نافذ کر دیا گیا۔