منشیات بیرون ملک سمگل کرنے کی کوشش ناکام
اسلام آباد/پشاور(آئی این پی) چرس سمگلنگ کے دو الگ الگ واقعات میں 2مسافروں کو گرفتار کر لیا گیا، ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس نے سمگلنگ کی دونوں کوششیں ناکام بنا دیں۔تفصیلات کے مطابق پشاور ایئر پورٹ پر اے ایس ایف نے کارروائی کرتے ہوئے امرود میں چھپا کر بیرون ملک چرس سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی، اے ایس ایف ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلع کرم کا رہائشی امرود میں چرس سمگل کرتے پکڑا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ ملزم قومی ائیر لائن کی پرواز سے دوحہ جا رہا تھا، تلاشی پر امرود سے چرس نکل آئی، جس پر مسافر کو حراست میں لے لیا گیا۔دوسرے واقعے میں اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر اے ایس ایف نے کارروائی کرتے ہوئے عمان منشیات سمگلنگ کی کوشش نا کام بنا دی اور مسافر کو حراست میں لے لیا، مسافر پرواز ڈبلیو وائے 346سے مسقط جا رہا تھا، جس سے 2کلو 378 گرام چرس برآمد ہوئی۔اے ایس ایف کے مطابق مسافر نے چرس گھر کی بنی ہوئی مٹھائی میں چھپا رکھی تھی، جس کا تعلق باجوڑ ایجنسی سے ہے، ملزم کو اے ایس ایف حکام نے قانونی کاروائی کیلئے اے این ایف کے حوالے کر دیا۔
منشیات