نواز شریف جاتی امرا منتقل، گھر میں آئی سی یو قائم، مریم بھی ضمانت پر رہا 

      نواز شریف جاتی امرا منتقل، گھر میں آئی سی یو قائم، مریم بھی ضمانت پر رہا 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (جنرل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) سابق وزیراعظم نواز شریف کو 16 روز بعد سروسز ہسپتال سے جاتی امرا منتقل کر دیا گیا، رہائشگاہ پر خصوصی میڈیکل یونٹ قائم کر دیا گیا، ضرورت پڑنے پر شریف سٹی کا میڈیکل بورڈ سرکاری ڈاکٹرز سے رابطہ کرے گا۔نواز شریف کی سروسز ہسپتال سے منتقلی کے موقع پر لیگی کارکن بھی ہسپتال کے باہر موجود تھے، نوازشریف ہسپتال کی عمارت سے نکل کر خود چل کر باہر آئے اور ایمبولینس میں بیٹھے۔ نواز شریف کو دیکھتے ہی لیگی کارکنان نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور ان کے حق میں نعرے بازی کرتے رہے۔ اس موقع پر مریم نواز، شہباز شریف اور ان کی والدہ شمیم اختر بھی ہمراہ تھیں۔، اس موقع پر شہباز شریف نے نواز شریف اور مریم نواز کو ضمانت پر مبارکباد دی جب کہ والدہ  بیگم شمیم نے دونوں بیٹوں اور مریم نواز کو گلے لگا کر پیار کیا اور دعائیں دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی میرے بچوں کو ہر مصیبت سے بچائے اور ان کی مشکلات آسان کرے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے سابق وزیراعظم نوازشریف کی صحت سے متعلق  اپنے بیان میں کہا ہے کہ محمد نوازشریف کے علاج کے لئے ان کی رہائش گاہ پر انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) قائم کردیاگیا،نوازشریف کی صحت کی نازک صورتحال پرڈاکٹز نے ملاقاتوں پر مکمل پابندی عائد کردی۔ مریم اور نگزیب نے بتایاکہ ڈاکٹرز نے مریم نوازشریف کو والد کی صحت کی بناء پر سخت حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ آئی سی یو میں وینٹی لیٹر(مصنوعی تنفس) اور کارڈیک آئی سی یو کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ محمد نوازشریف کے پلیٹ لیٹس کاؤنٹس کم ہونے کے باعثHospital Acquired انفکشن ہونے کا شدید خطرہ ہے۔ڈاکٹرز نے طبی خطرات کے پیش نظر نوازشریف کے لئے گھر پر خصوصی میڈیکل یونٹ بنانے کی تجویز دی تھی،ڈاکٹر عدنان کی زیر نگرانی شریف میڈیکل سٹی ہسپتال نے نوازشریف کی رہائش گاہ پر انتہائی نگہداشت یونٹ قائم کیا،آئی سی یو میں ڈاکٹرز 24 گھنٹے موجود رہیں گے،ڈاکٹرز کی ہدایت پر نوازشریف کو انتہائی نگہداشت میں رکھا جائے گا۔
نواز شریف منتقل


لاہور(نامہ نگار) مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز ضمانت پر رہا، مریم نواز کی ضمانتی دستاویزات مکمل ہونے کے بعد روبکار جاری کی گئیاحتساب عدالت کے ڈیوٹی جج امجدنذیرچودھری نے چودھری شوگر ملز کیس میں سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز شریف کی رہائی کی روبکار جاری کردی،اس موقع پرعدالت میں مریم نواز کے شوہرکیپٹن (ر) محمد صفدر بھی موجود تھے۔مسلم لیگ (ن)کے راہنما اورایم پی اے سیف الملوک کھوکھر اور ان کے بیٹے ملک فیصل کی جانب سے مریم نواز کے ضمانتی مچلکے جمع کروائے گئے ہیں،احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چودھری نے مریم نواز نے مچلکوں کی جانچ پڑتال کے بعد  رہائی کی روبکار جاری کی ہے، فاضل جج نے مریم نواز کے وکیل عطا تارڑسے استفار کیا کہ 7کروڑ روپے کی رقم کی رسید کہاں ہے؟جس پر انہوں نے مریم نواز کے پاسپورٹ اور 7کروڑزرضمانت کا ریکارڈ عدالت پیش کیا،فاضل جج نے مزید استفسار کیا کہ یہ جائیداد کی دستاویز درست ہیں؟ ضلع کچہری والی تونہیں ہے یعنی ٹاؤٹ مچلکے تو نہیں؟ جس پر وکیل نے کہا کہ سیف الملوک کھوکھر رکن صوبائی اسمبلی ہیں اور ان کی اپنی جائیداد ہے،عدالت نے مزیداستفسار کیا کی ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل کی جانب سے جو تحریر آئی اس میں 7کروڑ وصولی کا ذکر نہیں،فاضل جج  نے رجسٹرار  احتساب عدالت کے ذریعے 7کروڑ جمع ہونے کی تصدہق کے بعد مچلکے جمع کر لئے،مچلکوں کی جانچ پڑتال مکمل ہونے پر عدالت نے روبکار جاری کردی،یادرہے کہ ایک روزقبل عدالتی وقت ختم ہونے کے باعث مریم نواز کے مچلکے جمع نہیں ہو سکے تھے، احتساب عدالت کے جج امیر محمد خان کے رخصت پرہونے کی بنا پر ڈیوٹی جج امجد نذیر چودھری نے مریم نواز کے مچلکے جمع کرکے روبکار جاری کی ہے۔ 
روبکار جاری

مزید :

صفحہ اول -