وزیراعظم عمران خان کا ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوری کیخلاف سخت کارروائی کا حکم 

 وزیراعظم عمران خان کا ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوری کیخلاف سخت ...

  



اسلام آباد(آئی این پی،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے ذخیرہ اندوزوں، ناجائز منافع خوری کے خلاف انتظامی اقدامات مزید موثر بنانے کا حکم دے دیا۔وزیرِاعظم کی زیر صدارت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا۔عمران خان نے کہا کہ روز مرہ استعمال کی اشیا کی قیمتیں کنٹرول کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کی روک تھام یقینی بنائی جائے، گندم، آٹا اور فائن میدے کی سمگلنگ روکنے کیلئے بارڈر منیجمنٹ کو مزید موثر بنایا جائے،سمگلرز اور ان کی معاونت کرنے والے سرکاری اہلکاروں کے خلاف بھی سخت ایکشن لیا جائے گا۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ایکسل لوڈ موخر ہونے کے بعد گھی کے قیمتوں میں کمی یقینی بنائی جائے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہر تحصیل میں کاشت کاروں کیلئے ایسی جگہ مختص کی جائے گی جہاں وہ فیس یا اخراجات کے بغیر اپنی اجناس فروخت کر سکیں گے۔وزیرِاعظم نے ہدایت کی کہ وزارتِ فوڈ سکیورٹی میں ایک سیل بنایا جائے تاکہ مستقبل میں اشیا ضروریہ کی طلب و رسد کے تخمینوں کی بنیاد پر بروقت فیصلے کیے جا سکیں۔عمران خان نے کہا کہ منڈی اور مارکیٹ میں قیمتوں کے فرق کو کم کرنے کیلئے ٹیکنالوجی کو بروئے کار لایا جائے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وفاقی دارالحکومت میں درست دام ایپ کے ذریعے اشیا کی عوام کی دہلیز تک مناسب نرخوں پر فراہمی کا نظام پنجاب کے بڑے شہروں لاہور، راولپنڈی اور ملتان جبکہ خیبر پختونخوا میں ایبٹ آباد، پشاور، مردان اور ڈی آئی خان میں فوری متعارف کرایا جائے،عوام کو مناسب قیمتوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے یوٹیلیٹی اسٹورز کا بھر پور استعمال کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔بعدازاں  وفاقی دارالحکومت کے نئے مقامی حکومت کے مجوزہ نظام سے متعلق جائز ہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے مقامی حکومتوں کا نیا نظام عوام کو بااختیار بنانے میں انقلاب برپا کرے گا، مقامی حکومتوں کے نئے نظام کا مقصد اختیارات کو لوکل سطح پر منتقل کرنا ہے تاکہ تعمیر وترقی اور مسائل کا حل مقامی طور پر ممکن بنایا جا سکے گا۔وزیرِاعظم کو اسلام آباد کیلئے تجویز کردہ نئے لوکل گورنمنٹ نظام کے خدوخال پر بریفنگ دی گئی۔ وزیرِاعظم نے وفاقی دارالحکومت کیلئے مقامی حکومت کے نئے نظام کے حوالے سے تجاویز کو سراہا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ نئے نظام میں میئر کا انتخاب براہ راست الیکشن کے ذریعے کیا جائے گا۔ دارالحکومت کے ترقیاتی منصوبوں اور روزمرہ کے معاملات کی ذمہ داری میئر کو سونپی جائے گی۔علاوہ ازیں موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں ساتویں تین روزہ ایشیاعلاقائی کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قدرتی ماحول کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے،سابق حکومتوں نے ماحولیاتی تبدیلی پر توجہ نہیں دی لیکن ہمیں مستقبل کی نسلوں کا احساس کر کے فیصلے کرنے ہوں گے۔وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہمیں مستقبل کی نسل کے لئے کام کرنے کی ضرورت ہے‘ ماحولیاتی تبدیلی ہمارے لئے ایک بہت بڑا چیلنج ہے، اس  کے لئے ہنگامی بنیادوں پر دنیا کو کام کرنے کی ضرورت ہے‘ پاکستان قدرتی خوبصورتی اور حسن سے مالا مال ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہمیں مستقبل کی نسلوں کا احساس کرکے فیصلے کرنے ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پہلی بار خیبرپختونخوا حکومت نے بڑے پیمانے پر ماحولیاتی تحفظ کیلئے قدم اٹھایا تھا اور بلین ٹری سونامی منصوبے میں مقامی آبادی کو بھی شامل کیا۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ٹمبر مافیا کی صورت میں بڑے چیلنج کا مقابلہ کیا اور ٹمبر مافیا سے مقابلے میں دس فارسٹ گارڈز نے جانوں کا نذرانہ بھی دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ شہروں کے پھیلاؤ کی بجائے بلند عمارتیں بنانے پر توجہ ہے جبکہ ماضی میں فضائی اور آبای آلودگی پر قابو پانے کی طرف توجہ نہیں دی گئی۔ ایک وقت میں نئی دلی بہت صاف شہر ہوا کرتا تھا میں نے لاہور میں پرورش پائی جس کی آب و ہوا بہت صاف ستھری تھی مگراب لاہو ر بھی آلودہ ترین شہر بن چکا ہے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ تمام مذاہب انسانیت کی  فلاح و بہبود کا درس دیتے ہیں اور ہمیں انسانیت کی فکر ہونی چاہئے۔ تقریب سے آئی یو سی این کے صدر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ وزیراعظم عمران خان کے بلین ٹری منصوبے سے بہت متاثر ہیں اور اس منصوبے سے خیبرپختونخوا کے قدرتی ماحول میں بہتری آئی ہے جبکہ آئی سی یو این پاکستان کی ہر ممکن مدد جاری رکھے گا۔مزید برآں وزیراعظم نے بارش کے باعث دھرنے کے شرکا کی مشکلات کا نوٹس  لیتے ہوئے چیئرمین سی ڈی اے کو دھرنے کی جگہ کا دورہ کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا دھرنا میں بیٹھے لوگوں کو مکمل سہولیات کی فراہمی سمیت بارش سے پیدا ہونے والی مشکلات حل کی جائیں۔

وزیراعظم عمران خان

مزید : صفحہ اول