فیصل آباد،ڈپٹی کمشنر کا فلتھ ڈپو کی متنازعہ جگہ کا معائنہ،تعمیرات کا نوٹس

  فیصل آباد،ڈپٹی کمشنر کا فلتھ ڈپو کی متنازعہ جگہ کا معائنہ،تعمیرات کا نوٹس

  



فیصل آباد (سپیشل رپورٹر)ڈپٹی کمشنر محمد علی نے شیخوپورہ روڈ پر کریسنٹ سپورٹس کمپلیکس کے بالمقابل واسا اور فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کے مابین فلتھ ڈپو کی متنازعہ جگہ کا معائنہ کیا اور وہاں خلاف ضابطہ جاری تعمیرات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ واسا افسران کے خلاف انکوائری کا حکم دیا۔ انہوں نے وہاں اوور ہیڈ واٹر ٹینک کا معائنہ بھی کیا اور پانی کی ٹینکی میں لگی کائی‘ ابتر صورتحال و عدم صفائی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے دیکھ بھال نہ کرنے پر ذمہ داران افسران و سٹاف کو شوکاز نوٹس جاری کرنے‘ سرکاری امور میں غفلت برتنے کی بنا پر ان کے خلاف انکوائری کی بھی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے عامر عزیز اور ڈائریکٹر واسا شعیب رشید پر مشتمل دو رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دی اور تین یوم میں انکوائری مکمل کرنے کی تاکید کی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر عامر عزیز اور ایم ڈی واسا چوہدری فقیر محمد‘ اسسٹنٹ کمشنر (سٹی) زوہا شاکر اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے واسا اور ایف ڈبلیو ایم سی کے مابین متنازعہ جگہ کے مختلف حصوں کامعائنہ کرتے ہوئے ہدایت کی کہ اس ضمن میں ایڈیشنل ڈپٹی کشنر (فنانس) کی طرف سے کی گئی انکوائری میں مرتب کردہ سفارشات پر عمل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو اس علاقہ میں کوڑا کرکٹ کے کولیکشن پوائنٹ کے لئے متبادل جگہ کا بندوبست کرنے کا جائزہ لیا جارہا ہے۔

ڈپو معائنہ

مزید : علاقائی