جشن عید میلا دا لنبیؐ کے جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے تمام وسائل بروئے کارلائے جائیں: آئی جی پنجاب

جشن عید میلا دا لنبیؐ کے جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے تمام وسائل بروئے کارلائے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(کر ائم رپو رٹر)انسپکٹرجنرل پنجاب پولیس کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہاہے کہ جشن عید میلاد النبی کے موقع پر صوبے کے تمام اضلاع میں حساس جلوسوں اور محافل میلاد النبی کی سیکیورٹی کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاکر سیکیورٹی انتظامات کئے جائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ آر پی اوز، ڈی پی اوز ویڈیو لنک کانفرنس کے دوران افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ آر پی اوز، ڈی پی اوز خود فیلڈ میں رہ کر سیکیورٹی انتظامات اور ٹریفک مینجمنٹ کی نگرانی کریں تاکہ  رحمت العالمین کے جشن ولادت کی مناسبت سے ہونے والی تقریبات میں عوام بلا خوف و خطر شرکت کرسکیں۔ انہوں نے مزیدکہاکہ عید میلاد النبی کے مرکزی جلوسوں کے راستوں میں آنے والی اقلیتی عبادت گاہوں کی سکیورٹی کا خاص خیال رکھا جائے اورحساس اضلاع میں جلوسوں کی سیکیورٹی کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے، میٹل ڈٹیکٹرز اور واک تھرو گیٹس لازمی استعمال کئے جائیں جبکہ اہم مساجد، درباروں، بازاروں اور مذہبی مقامات کے گردو نواح میں سرچ، سویپ، کومبنگ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مزید تیزی لائی جائے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ عید میلاد النبی کے سیکیورٹی انتظامات کرتے وقت جلوسوں کے منتظمین، مقامی علماء، عمائدین شہر اور سول سوسائٹی کی موثر تجاویز کو بھی مد نظر رکھا جائے اور آتشبازی و ہوائی فائرنگ کرنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کاروائی میں ہرگز تاخیرنہ کی جائے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ سپیشل پروٹیکشن یونٹ صوبے میں آنے والے تمام غیرملکیوں شہریوں کی حفاظت کے فرائض ہائی الرٹ ہو کر سر انجام دے بالخصوص کرتار پور راہداری کے افتتاح کے موقع پر آنے والے معزز مہمانوں کی سیکیورٹی انتظامات کی آرپی او اور ڈی پی اوز خود نگرانی کریں۔انہوں نے مزیدکہاکہ سافٹ ویئر میں فیڈ کیے بغیرسی پی او میں بھجوائے گئے کیسز کو ویلفیئر برانچ میں وصول نہیں کیا جائے گا جبکہ صوبے کے تمام اضلاع میں اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کیلئے جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مزید تیزی لائی جائے اور تمام اضلاع میں ٹاپ 20اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کوجلد از جلد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ ایف آئی آر کی فری رجسٹریشن ے باعث اگر جرائم کی فری رجسٹریشن اگر جرائم کے گراف میں اضافہ ہورہا ہے تو پھر جرائم کی وارداتوں کا سراغ لگانے اور ملزموں کی گرفتاری کی شرح میں بھی واضح اضافہ ہونا چاہئیے جبکہ جرائم کی روک تھام بھی پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے اور جو پولیس افسر یا اہلکار جرائم کی روک تھام میں ناکام رہے گا اسے فیلڈ پوسٹنگ سے فارغ ہونا پڑے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ اوور سیز پاکستانیوں کے زیر التوا ء کیسزکا ڈی پی اوزدوبارہ جائزہ لیں اور اپنی نگرانی میں انہیں جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچائیں، جن اضلاع میں اوور سیز پاکستانیوں کے کیسز میں غیر ضروری تاخیر یا غیر ذمہ داری کا مظاہرہ نظر آیا تو وہاں ذمہ دارخود کو محکمانہ کاروائی کیلئے تیار رکھیں۔

مزید :

علاقائی -