ریڈ یو کشمیر آل انڈیا ریڈیو سرینگر میں تبدیل، مقبوضہ وادی میں کرفیو سے نظام زندگی مفلوج
نئی دہلی،سرینگر(نیوزایجنسیاں)مودی سرکار نے ریڈیو کشمیر سرینگرکا نام تبدیل کرکے آل انڈیاریڈیو سرینگر رکھنے کے احکامات جاری کردئیے۔بین الاقوامی خبررساں اداروں کے مطابق ریڈیوسٹیشن اورشاہراؤں سے ریڈیو کشمیر سرینگرکی تحریری پر مبنی بینرز، پوسٹرز اور بورڈ بھی ہٹا لئے گئے،علاوہ ازیں مقبوضہ جموں کشمیر اور لداخ میں گزشتہ روزبھی جاری بھارتی فورسز کے محاصرے کی وجہ سے نظا م زندگی بری طرح سے مفلوج رہا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق لوگ خوف و دہشت اور ذہنی دباؤ کا شکار ہیں۔ انٹرنیٹ اور پر ی پیڈ موبائل فون سروسز مسلسل معطل ہیں جس کی وجہ سے عوام کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ فوجی محاصرے اور دیگر سخت پابندیوں کی وجہ سے وادی کشمیر میں صحت کا شعبہ بری طرح متاثر ہوا ہے اور ہسپتالوں میں زندگی بچانے والی ادویات کی شدید قلت پائی جاتی ہے۔دریں اثنا جموں کی ٹاڈا عدالت جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے غیر قانونی طور پر نظر بند چیئرمین محمد یاسین ملک کے خلاف مقدے کی سماعت 26نومبر کو کرے گی۔ ادھر کانگریس کے سینئر رہنما غلام نبی آزاد نے مقبوضہ کشمیر میں کیے جانے والے اقدامات پر بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی سیاسی رہنماؤں، ارکان پارلیمنٹ اور میڈیا نمائندوں کو مقبوضہ علاقے میں نہیں جانے دیا جارہا جبکہ غیر ملکی ارکان پارلیمنٹ کو وہاں کا دورہ کرایا گیا جو انتہائی افسوس ناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک بھارتیہ جنتاپارٹی اقتدار میں ہے، کشمیر میں حالات ٹھیک نہیں ہوں گے۔
مقبوضہ کشمیر