اسلام آباد میں نام نہاد آزادی مارچ یرغمالی مارچ بن چکا: فردوس عاشق
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اس وقت اسلام آباد میں جاری نام نہاد آزادی مارچ حقیقت میں یرغمالی مارچ بن چکا ہے۔بدھ کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام ف (جے یو آئی ف) کے کارکن بارش میں کھلے آسمان تلے بے یارومدد گار پڑے ہیں جبکہ ان کے رہنما گرم بستروں میں آرام فرمارہے ییں۔فردوس عاشق اعوان نے سوال کیا کہ کیا جے یو آئی ف کے رہنماں کا یہ عمل کھلا تضاد نہیں؟انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے جلسے کے شرکا کی مشکلات کا جائزہ لینے اور مدد کیلئے چئرمین سی ڈی اے کو ہدایت جاری کردی ہے۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومتی مذاکراتی کمیٹی اور حزب اختلاف کی رہبر کمیٹی موجودہ ہیجان اور سیاسی بے یقینی سے عوام کو نکالے گی۔انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کہتا ہے کہ اسرائیل کے جھنڈے گاڑنے والی حکومت کو روکنا ہے۔ بغیر کسی دلیل اور حقائق کو جانے اس قسم کے بیانیے کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔ وزیراعظم نے اسرائیل کے بارے واضح کیا ہے کہ فلسطین کی آزادی کے بغیر امن نہیں ہوسکتا۔وزیراعظم کی معاون خصوصی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ناموس رسالت کی بات کرتے ہیں لیکن جب آئین میں چھیڑ چھاڑ ہورہی تھی اس وقت وہ کیا کررہے تھے۔ مولاناا اس وقت حکومت کی بغل میں بیٹھا ہوا تھا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عوامی درد سے آشنا اور اس کودور کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔
فردوس عاشق اعوان
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے رکن اسد عمر نے کہاہے کہ آئین میں رہ کر احتجاج کرنا مولانا کا حق ہے پہلے دن سے نقطہ نظر ہے احتجاج آئینی حق ہے بدھ کے روز پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران پی ٹی آئی کے رہنما کا کہناتھا کہ مذاکرات کا نتیجہ اصول کی بنیاد پر بات کرنے پر نکلے گا اس میں کسی کی بھی ہار جیت نہیں ہوتی بلکہ جمہوری اقدار مضبوط ہو تی ہیں ایک سوال کے جواب میں ان کا کہناتھا کہ پہلے دن سے نقطہ نظر ہے احتجاج آئینی حق ہے آئین میں رہ کر احتجاج کرنا مولانا کا حق ہے۔وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے رات کے خطاب نے مایوس کیا، حکومت میرٹ پر آئی ہے اس لئے وزیراعظم کے استعفی کا مطالبہ غیرمناسب ہے۔انتخابات میں خرابی ہے تو تحقیقات ہونی چاہیے، اس طرح کھڑے ہوکروزیر اعظم سے استعفی نہیں مانگا جا سکتا۔بدھ کواسلام آبادمیں میڈیا سے گفتگو کے دوران وفاقی وزیر کا کہناتھا کہ انتخابات کرانا اتنا آسان کام نہیں جتنا سمجھا جارہا ہے، پرویز الہی کا مذاکراتی کمیٹی کا حصہ اور چودھری شجاعت حسین کا ثالث بننا خوش آئند ہے۔ مدرسوں کے نصاب پر انتظامیہ نے ہمارے ساتھ معاہدہ کیا ہے، مدرسہ میں زیر تعلیم بچے اب بورڈ امتحان دیں گے۔یکساں نظام تعلیم پی ٹی آئی کی ترجیحات کا حصہ ہے، تعلیم کے شعبے میں اصلاحات لانے کی کوشش کررہے ہیں تاہم اس میں کافی چیلنجز کا سامنا ہے۔وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ امید کرتے ہیں کہ عمران خان کی طرح مولانا فضل ا لرحمن بھی اپنے معصوم کارکنان کے ساتھ اسلام آباد کی سخت سرد موسم میں اپنے کارکنوں کے ساتھ کھلے میدان میں ہوں گے، فضل الرحمان کرپٹ مافیا کو بچانے کیلئے معصوم کارکنوں کا استعمال نہ کریں۔بدھ کو وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ قدرت بھی چاہتی ہے کہ کرپٹ مافیا کو بچانے کیلئے مولانا صاحب ان کا استعمال نہ کریں۔
وفاقی وزرا