لاہور میں سموگ کا راج، سانس لینا محال، بیماریاں پھیلنے کا خطرہ، سکول بند

لاہور میں سموگ کا راج، سانس لینا محال، بیماریاں پھیلنے کا خطرہ، سکول بند

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (جنرل رپورٹر،خبر نگار،امانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی پنجاب میں فصلوں کی باقیات کو دانستہ لگائی جانے والی آگ کے دھوئیں نے لاہور کو گھیر لیا، سموگ کے سبب شہریوں کو آنکھوں کی شدید جلن اور سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا،شہر میں بڑھتی سموگ کے باعث سانس اور آنکھ میں جلن جیسی بیماریوں کے بڑھنے کا خطرہ بھی ظاہر کیا جارہاہے، شہر کے مختلف علاقوں پنجاب اسمبلی 731، اپر مال میں 647، ڈیفنس میں 401 جبکہ گڑھی شاہو میں ایئر کوالٹی انڈیکس 457 ریکارڈ کیا گیا جبکہ محکمہ ماحولیات کے لاہور میں 454، گوجرانوالہ 403، فیصل آباد میں 228، کراچی 162، سیالکوٹ 158، اسلام آباد 154 اور مریدکے میں ایئر انڈیکس 546 رہا۔سموگ میں شدت کی وجہ سے  آج لاہور کے تمام نجی و سرکاری سکول بند رہیں گے جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے لاہور اور گرد و نواح میں سموگ میں اچانک اضافے پر گہری تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ ماحولیات، انتظامیہ اورمتعلقہ ادارے سموگ کے حوالے سے ہمہ وقت چوکس رہیں جبکہ سموگ کے حوالے سے احتیاطی تدابیر کیلئے عوام میں شعور بیدار کرنے کیلئے موثر آگاہی مہم چلائی جائے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ محکمہ زراعت فصلوں کی باقیات کو جلانے پر پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرائے اور آلودگی پھیلانے والی صنعتوں کے خلاف قواعد و ضوابط کے تحت کارروائی کی جائے۔وزیراعلیٰ نے ٹائر جلانے پر پابندی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کاحکم دیتے ہوئے کہا کہ متعلقہ اداروں کو شہریوں کی مشکلات دور کرنے کیلئے فعال اور متحرک انداز میں کام کرنا ہوگا۔طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ شہری بغیر ضرورت گھروں سے نہ نکلیں اور اگر باہر جانا ضروری ہو تو چہرے کو کسی گیلے کپڑے یا ماسک سے ڈھک لیں تاکہ سموگ کے مضر اثرات سے بچا جا سکے۔زیادہ پانی اور گرم چائے کا استعمال سموگ کے اثرات کم کرنے میں فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔ اس کے علاوہ گھر آنے کے بعد اپنے ہاتھ، چہرے اور جسم کے کھلے حصوں کو صابن سے دھوئیں۔ کھڑکیوں اور دروازوں کے کھلے حصوں پر گیلا کپڑا یا تولیہ رکھیں۔ فضا صاف کرنے کے آلات کا استعمال کریں۔ گاڑی چلاتے ہوئے گاڑی کی رفتار دھیمی رکھیں اور فوگ لائٹس کا استعمال کریں۔ زیادہ ہجوم والی جگہیں خصوصاً ٹریفک جام سے پرہیز کریں۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آج صوبائی دارالحکومت میں بارش کا امکان ظاہر کیا ہے،محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کے سبب سموگ میں کافی حد تک کمی آجائے گی۔
سموگ کا راج

مزید :

صفحہ اول -