قدرتی ماحول کا تحفظ اولین ترجیح، نئی نسلوں کااحساس کر کے فیصلے کرنا ہوں گے: وزیرعظم 

قدرتی ماحول کا تحفظ اولین ترجیح، نئی نسلوں کااحساس کر کے فیصلے کرنا ہوں گے: ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک،آئی این پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قدرتی ماحول کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے،سابق حکومتوں نے ماحولیاتی تبدیلی پر توجہ نہیں دی لیکن ہمیں مستقبل کی نسلوں کا احساس کر کے فیصلے کرنے ہوں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں ساتویں تین روزہ ایشیاعلاقائی کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہمیں مستقبل کی نسل کے لئے کام کرنے کی ضرورت ہے‘ ماحولیاتی تبدیلی ہمارے لئے ایک بہت بڑا چیلنج ہے، اس  کے لئے ہنگامی بنیادوں پر دنیا کو کام کرنے کی ضرورت ہے‘ پاکستان قدرتی خوبصورتی اور حسن سے مالا مال ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہمیں مستقبل کی نسلوں کا احساس کرکے فیصلے کرنے ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پہلی بار خیبرپختونخوا حکومت نے بڑے پیمانے پر ماحولیاتی تحفظ کیلئے قدم اٹھایا تھا اور بلین ٹری سونامی منصوبے میں مقامی آبادی کو بھی شامل کیا۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ٹمبر مافیا کی صورت میں بڑے چیلنج کا مقابلہ کیا اور ٹمبر مافیا سے مقابلے میں دس فارسٹ گارڈز نے جانوں کا نذرانہ بھی دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ شہروں کے پھیلاؤ کی بجائے بلند عمارتیں بنانے پر توجہ ہے جبکہ ماضی میں فضائی اور آبای آلودگی پر قابو پانے کی طرف توجہ نہیں دی گئی۔ ایک وقت میں نئی دلی بہت صاف شہر ہوا کرتا تھا میں نے لاہور میں پرورش پائی جس کی آب و ہوا بہت صاف ستھری تھی مگراب لاہو ر بھی آلودہ ترین شہر بن چکا ہے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ تمام مذاہب انسانیت کی  فلاح و بہبود کا درس دیتے ہیں اور ہمیں انسانیت کی فکر ہونی چاہئے۔ تقریب سے آئی یو سی این کے صدر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ وزیراعظم عمران خان کے بلین ٹری منصوبے سے بہت متاثر ہیں اور اس منصوبے سے خیبرپختونخوا کے قدرتی ماحول میں بہتری آئی ہے جبکہ آئی سی یو این پاکستان کی ہر ممکن مدد جاری رکھے گا۔بعدازاں  وفاقی دارالحکومت کے نئے مقامی حکومت کے مجوزہ نظام سے متعلق جائز ہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے مقامی حکومتوں کا نیا نظام عوام کو بااختیار بنانے میں انقلاب برپا کرے گا، مقامی حکومتوں کے نئے نظام کا مقصد اختیارات کو لوکل سطح پر منتقل کرنا ہے تاکہ تعمیر وترقی اور مسائل کا حل مقامی طور پر ممکن بنایا جا سکے گا۔وزیرِاعظم کو اسلام آباد کیلئے تجویز کردہ نئے لوکل گورنمنٹ نظام کے خدوخال پر بریفنگ دی گئی۔ وزیرِاعظم نے وفاقی دارالحکومت کیلئے مقامی حکومت کے نئے نظام کے حوالے سے تجاویز کو سراہا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ نئے نظام میں میئر کا انتخاب براہ راست الیکشن کے ذریعے کیا جائے گا۔ دارالحکومت کے ترقیاتی منصوبوں اور روزمرہ کے معاملات کی ذمہ داری میئر کو سونپی جائے گی۔مزید برآں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں بارے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوری کے تدارک کیلئے انتظامی اقدامات کو مزید موثر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی انتظامیہ کی جانب سے ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف موثر اقدامات کے ساتھ ساتھ ہر ضلع کی شہری اور دیہی تحصیل میں اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کی روزانہ اورہفتہ وار تجزیاتی رپورٹ بھی وزیرِ اعظم آفس کو بھجوائی جائے تاکہ قیمتوں کی اصل صورتحال پر نظر رکھی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ گندم، آٹے اور فائن میدے کی اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے بارڈر مینجمنٹ کو مزید موثر بنایا جائے، یہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ ہر شہری کو اشیائے خوردونوش کی دستیابی کو یقینی بنائے، اس ضمن میں ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ کوئی بھوکا نہ سوئے۔ اجلاس میں ملک بھر میں اشیائے ضروریہ خصوصا ً آٹے، گھی، چینی و دیگر ضروری اشیا کی قیمتوں کی موجودہ صورتحال اور ان اشیاء کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ چیف سیکرٹریوں نے صوبوں میں آٹے کی دستیابی اور قیمتوں کے حوالے سے وزیراعظم کو بریفنگ دی۔علاوہازیں وزیراعظم نے بارش کے باعث دھرنے کے شرکا کی مشکلات کا نوٹس  لیتے ہوئے چیئرمین سی ڈی اے کو دھرنے کی جگہ کا دورہ کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا دھرنا میں بیٹھے لوگوں کو مکمل سہولیات کی فراہمی سمیت بارش سے پیدا ہونے والی مشکلات حل کی جائیں۔
وزیراعظم عمران خان

مزید :

صفحہ اول -