انگلینڈ بلا ئنڈ کرکٹ ٹیم پاکستان کیخلاف ٹی 20سیریز کیلئے آج دبئی پہنچے گی
اسلام آباد (اے پی پی) انگلینڈ کی بلائنڈ کرکٹ ٹیم پاکستان کے خلاف ٹی 20 میچوں کی سیریز کیلئے (آج) جمعرات کو دبئی پہنچے گی جہاں وہ پاکستان کے خلاف 6 ٹی 20 میچوں کی سیریز کھیلی گی۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ نے بتایا کہ انگلینڈ کی بلائنڈ کرکٹ ٹیم 15 کھلاڑیوں اور 7 آفیشلز پر مشمتل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھی ہوم سیریز کیلئے 15 کھلاڑیوں کا اعلان کیا ہے جن کا تربیتی کیمپ اوکاڑہ میں جاری ہے۔ تربیتی کیمپ میں جو کھلاڑی تربیت حاصل کررہے ہیں ان میں ریاست خان، ساجد نواز، محمد شاہ زیب، فخر عباس، صفی اللہ، نثار علی، بدر منیر، معین اسلم، شاہ زیب حیدر، انیس جاوید، ہارون خان، محمد اکرم، محمد راشد، محسن خان اور ثناء اللہ خان مروت شامل ہیں۔ انہیں محمد جمیل ہیڈ کوچ، ابرار شاہ اسسٹنٹ کوچ اور مسعود جان بطور ٹرینر جدید معیار کی تربیت دے رہے ہیں۔ قومی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ 9 نومبر تک جاری رہے گا اس کے بعد 20 رکنی قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم انگلینڈ کے ساتھ ٹی 20 میچوں کی سیریز کھیلنے کیلئے 10 نومبر کو دبئی روانہ ہوگی۔ پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے مابین 6 میچوں پر مشتمل ٹی 20 سیریز دبئی میں کھیلی جائے گی۔ پاکستان اور انگلینڈ کی بلائنڈ کرکٹ ٹیموں کے مابین پہلا ٹی 20 میچ 12 نومبر، دوسرا 13 نومبر، تیسرا 14 نومبر، چوتھا 16 نومبر، پانچواں میچ 17 نومبر جبکہ چھٹا اور آخری میچ 18 نومبر کو کھیلا جائے گا۔