پاکستان انٹر نیشنل سیریز بیڈ منٹن کا ٹورمنٹ آج اسلام آباد میں شروع ہوگا
اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کے زیراہتمام پاکستان انٹرنیشنل سیریز بیڈمنٹن کا ٹورنامنٹ (آج) جمعرات سے پاکستان سپورٹس کمپلیکس کے روڈھم ہال،اسلام آباد میں شروع ہوگا۔ پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل واجد چوہدری نے بتایا کہ ٹورنامنٹ کے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور کھلاڑیوں کی آمد شروع ہے۔ ٹورنامنٹ میں 12 ممالک کی ٹیموں کے کھلاڑی حصہ لیں گے جن میں میزبان پاکستان سمیت امریکہ، ملائیشیا، تھائی لینڈ، چیک ری پبلک، موریشس، مالدیپ، ایران، عراق، کینیڈا، افغانستان اور نیپال کے کھلاڑی شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ میں چار مختلف کیٹگریز کے مقابلے ہونگے جن میں مینز سنگلز، مینز ڈبلز، ویمن سنگلز، ویمن ڈبلز اور مکس ڈبلز ایونٹ شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ میں دس ہزار ڈالرز کی انعامی رقم رکھی گئی ہے، ٹورنامنٹ 10 نومبر تک جاری رہے گا۔