بابر اعظم کو ٹی 20کا نیا عالمی ریکارڈ بنانے کیلئے 65رنز درکار

بابر اعظم کو ٹی 20کا نیا عالمی ریکارڈ بنانے کیلئے 65رنز درکار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(سپورٹس رپورٹر)بابر اعظم کی شاندار فارم اور بہترین کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے اور آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹی20 میچ میں انہوں نے نصف سنچری اسکور کر کے ایک نیا منفرد اعزاز حاصل کرلیا جبکہ ایک اور شاندار اننگز کی بدولت وہ نیا عالمی ریکارڈ قائم کرسکتے ہیں۔بابر اعظم نے آسٹریلیا کے خلاف دوسرے میچ میں 38گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے 50 رنز کی اننگز کھیلی اور کیلنڈر ایئر میں مجموعی طور پر 1600سے زائد رنز بنانے کا اعزاز حاصل کرلیا۔بابر اعظم یہ اعزاز حاصل کرنے والے پاکستان کے پہلے بلے باز ہیں اور اب تک رواں سال ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل میچوں میں مجموعی طور پر 1601رنز بنا چکے ہیں۔بابر نے اب تک اس سال پاکستان ٹیم کے ساتھ ساتھ سمرسیٹ، کراچی کنگز اور سینٹرل پنجاب کی ٹیموں کی نمائندگی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 38میچوں میں 3سنچریوں اور 12نصف سنچریوں کی مدد سے 1601رنز بنائے ہیں۔کیلنڈر ایئر میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز عالمی شہرت یافتہ جارح مزاج ویسٹ انڈین بلے باز کرس گیل کے پاس ہے جنہوں نے 2015میں 36اننگز میں 1665رنز اسکور کیے تھے جبکہ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے جنہوں نے سال 2016میں 31اننگز کے دوران 1614رنز اسکور کیے تھے۔بابر اعظم آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ٹی20میچ میں ایک نئی تاریخ رقم کر سکتے ہیں اور مزید 65 رنز بنا کر کرس گیل کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیں گے۔واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری ٹی20 میچ 8نومبر کو کھیلا جائے گا۔