آسٹریلیا میں فٹ بال ٹیم کی خواتین کھلاڑیوں کوبھی مردوں کے مساوی تنخواہ ملے گی

  آسٹریلیا میں فٹ بال ٹیم کی خواتین کھلاڑیوں کوبھی مردوں کے مساوی تنخواہ ...

  



سڈنی (اے پی پی) آسٹریلیا کی قومی فٹ بال ٹیم میں شامل خواتین کھلاڑیوں کو اب ایک معاہدے کے تحت مرد کھلاڑیوں کے مساوی معاوضہ ملے گا۔ فٹ بال فیڈریشن آسٹریلیا کے اعلامیہ کے مطابق اس نئے مرکزی کنٹریکٹ کے تحت مردو ں کی طرح خواتین کھلاڑی بھی بزنس کلاس میں بین الاقوامی سفر کر سکیں گی۔ ایف ایف اے کے چیئرمین کرس نیکو نے بتایا کہ فٹ بال ہر ایک کا کھیل ہے اور یہ معاہدہ مساوات، شمولیت اور مواقع کی اقدار کی جانب بڑا قدم ثابت ہوگا۔ چار سالہ معاہدے کے تحت اگلے ورلڈ کپ میں سوسروس اور میٹلڈاس کو قومی ٹیم کی آمدنی کا 24 فیصد حصہ ملے گا، جس میں کارکردگی کی بنیاد پر ہر سال ایک فیصد اضافہ ہوگا۔ کھلاڑیوں نے اپنی آمدنی کا پانچ فیصد نوجوانوں کی قومی ٹیموں کے لئے وقف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پروفیشنل فٹ بالرز آسٹریلیا کے سربراہ جان ڈیڈولیکا نے اس طے پانے والے معاہدے کو عالمی فٹ بال کا ایک انوکھا سودا قرار دیا جو شراکت داری، مساوات اور سرمایہ کاری کے اصولوں پر مبنی ہے۔

واضح رہے کہ رواں سال کے شروع میں اس معاہدے کی تجویز سامنے آئی جس کی آسٹریلیا میں کھیل کے 17 چیف ایگزیکٹوز نے حمایت کی تھی۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی