غنا علی کی نئی فلم”گواہ رہنا“ کے پہلے سپل کی شوٹنگ مکمل
لاہور(فلم رپورٹر)اداکارہ غنا علی کی نئی فلم”گواہ رہنا“ کے پہلے سپل کی شوٹنگ مکمل ہوگئی ہے جو پنجاب کے مختلف علاقوں میں کی گئی۔لاہور سے تعلق رکھنے والی غنا علی نے ماڈلنگ کے ساتھ ساتھ اداکاری کے میدان میں بھی نمایاں کامیابی حاصل کی۔ ان کے کریڈٹ پرایک درجن سے زائد سپرہٹ ڈرامے ہیں جس کے علاوہ وہ دو فلموں ”رنگریزا“ اور”مان جاؤ ناں“ میں بھی کام کرچکی ہیں۔پاکستان اور ترکی کے اشتراک سے بنائی جانے والی اس فلم کی کاسٹ میں عماد عرفانی،Mert Sismanlar اور قوی خان بھی شامل ہیں۔یہ فلم برصغیر کی آزادی میں اہم کردار ادا کرنے والی”تحریک خلافت“ کے موضوع پر بنائی جانے والی پہلی فلم ہوگی جس کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ اپنے کردار کے لئے غنا علی نے بڑی محنت سے گھڑ سواری بھی سیکھی۔
یہ فلم پاکستان اور ترکی کے علاوہ دیگر ممالک میں بھی ریلیز کی جائے گی۔اس بارے میں غنا علی کا کہنا ہے کہ”گواہ رہنا“ میں کام کرنے کا تجربہ شاندار رہا ہے۔یہ روٹین سے بالکل مختلف فلم ہے جسے شائقین ضرور پسند کریں گے کیونکہ اس موضوع پر پہلے کبھی فلم نہیں بنائی گی۔