جشن عیدمیلادالنبیؐ کی تیاریاں، سجاوٹی سامان اور لائٹوں کی خریدوفروخت میں تیزی
لاہور(افضل افتخار) جشن عید میلاد النبی ؐکی آمد آمد ہے اور اس سلسلہ میں شہر بھر میں بھرپور تیاریوں کا عمل تیزی کے ساتھ جاری ہے اور شہر کو دلہن کی طرح سجایا جارہا ہے جس میں بچے بوڑھے اور نوجوان بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں اور اس موقع پر ان کی خوشی قابل دید ہے روز نامہ پاکستان کے سروے کے مطابق شہر بھر میں سجاوٹ کا عمل تقریبا مکمل کرلیا گیا ہے اس حوالے سے شہریوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جشن میلاد النبیؐ ہمارے لئے ایک بہت خوشی کا موقع ہے اور اس دن ہمارے پیار ے نبیؐ دنیا میں تشریف لائے تھے عادل، پرویز،عاطف،نبیل،حارث اور زبیر نے کہا کہ ہم ہر سال ہی سجاوٹ کا خاص اہتمام کرتے ہیں اور اس مرتبہ بھی ہم سب دوستوں نے مل کر سجاوٹ کی ہے اور اس کی ہمیں اتنی زیادہ خوشی ہے کہ ہم بیان نہیں کرسکتے اور اس سے ہمارے ایمان تازہ ہوتے ہیں اس دن کو ہم جتنا بھی خوشی سے منائیں کم ہے اورہم جب تک زندہ ہیں یہ سلسلہ اسی طرح سے جاری رکھا جائے گا اور اس میں بلکہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اور جوش و خروش پیدا ہوگا اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے عادل،عامر،ساجد،خالد،اسد،حامد اور شاکر نے کہا کہ ہم اس موقع کو ہمیشہ ہی بہت جوش و خروش سے مناتے ہیں اس کی وجہ یہ ہے کہ یہ ہمارے لئے بہت سعادت کی بات ہے کہ ہم مسلمان ہیں اور ہمارے پیارے نبی حضور پاکؐ نے جس طرح سے ہم مسلمانوں کی رہنمائی کی ان کی بدولت ہی سب کچھ ہیں ہماری جانیں ان پر قربان حمید، بلال،خرم،شمشیر،خانزاذدہ اور ہارون نے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لئے یہ دن سب عیدوں سے بڑھ کر ہے۔شہریوں نے مزید کہا کہ جشن عید میلاد النبی پہلے سے بھی بڑھ کر جوش و جذبے کے ساتھ منائیں گے۔