محکمہ ماحولیات کا آپریشن، آلودگی پھیلانے والی تین سٹیل ملز سیل 

    محکمہ ماحولیات کا آپریشن، آلودگی پھیلانے والی تین سٹیل ملز سیل 

  



 لاہور(لیڈی رپورٹر)سیکرٹری تحفظ ماحول سلمان اعجاز اور ڈائریکٹر جنرل ماحولیات تنویر احمد وڑائچ کی خصوصی ہدایت پر محکمہ تحفظ ماحول کی ٹیم نے اینٹی سموگ آپریشن کے تحت شہر کے مختلف علاقوں میں واقع 27صنعتی یونٹس کا دورہ کیا - ٹیم نے آلودگی پھیلانے والی سٹیل ملز کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے 3سٹیل ملز کو سربمہر کردیا اور ایک کو نوٹس جاری کیا - سربمہر ہونے والی ملز میں فیصل سٹیل ری رولنگ ملز مومن پورہ، مدنی سٹیل ری رولنگ ملز مومن پورہ اور صادق سٹیل ری رولنگ ملز مومن پورہ شامل ہیں - کارروائی ڈپٹی ڈائریکٹر علی اعجاز کی سربراہی میں کی گئی- علی اعجاز نے اس موقع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ سربمہر ہونے والی ملز ماحولیاتی آلودگی کا سبب بن رہی تھیں اور عوامی شکایات بھی موصول ہورہی تھیں جس کی وجہ سے سیکرٹری تحفظ ماحول کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے مذکورہ کارروائی کی گئی-انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کا سبب بننے والے تمام عناصر کے خلاف سخت کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی-

مزید : میٹروپولیٹن 1