حکومت خواتین کو سماجی سطح پر مضبوط کرنے کیلئے کوشاں ہے،آشفہ ریاض

  حکومت خواتین کو سماجی سطح پر مضبوط کرنے کیلئے کوشاں ہے،آشفہ ریاض

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(سٹی رپورٹر)صوبائی وزیر برائے بہبود خواتین آشفہ ریاض نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت خواتین کی فلاح و بہبود کے حوالے سے عملی اقدامات اٹھاکر انہیں سماجی سطح پر اہم مقام دلوانے کے لیے کوشاں ہے اور خواتین کی خواندگی کی شرح کو بہتر بنانے کے لیے بھی خاطر خواہ اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز کے زیر اہتمام ڈاکٹر نثار احمد آڈیٹوریم میں ربیع الاول کے مقدس مہینے کی مناسبت سے انٹر سکول نعت مقابلوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ امر افسوسناک ہے کہ سابقہ حکمرانوں نے تعلیم کے شعبے کویکسر نظر انداز کررکھا تھا جس کے باعث ملک میں کروڑوں بچے اور خصوصاً بچیاں تعلیم حاصل کرنے سے محروم رہیں۔ جبکہ موجودہ حکومت نے بچوں کی تعلیمی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے انہیں درس گاہوں کا راستہ دکھایا اور توقع کی جا رہی ہے کہ آئندہ چند برسوں میں ملک میں خواندگی کی شرح میں خاطر خواہ اضافہ ممکن ہو سکے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک اسلامی مملکت ہے جو ہمارے اکابرین اور قائدین کی قربانیوں کے باعث حاصل ہواتاہم بدقسمتی سے ماضی میں بیشتر حکومتوں نے اپنے مفادات کی خاطر ملک وقوم کو یکجا نہ ہونے دیا۔تقریب سے معروف تجزیہ نگار پروفیسر ڈاکٹر شفیق جالندھری اور ڈاکٹر مجاہد منصوری نے بھی خطاب کیا۔