کسی بھی ملک کی ترقی میں علم کا بنیادی کردارہوتا ہے،ڈاکٹر عطاء الرحمن

    کسی بھی ملک کی ترقی میں علم کا بنیادی کردارہوتا ہے،ڈاکٹر عطاء الرحمن

  



لاہور(لیڈی رپورٹر)سابق چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن اور وائس چیئرمین پرائم منسٹر ٹاسک فورس آن ٹیکنالوجی بیسڈ نالج اکانومی پروفیسر ڈاکٹر عطاء الرحمان نے کہا ہے کہ کسی بھی ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی میں علم کا کلیدی کردار ہے اور ہماری یونیورسٹیوں کو ملکی ترقی میں حصہ ڈالنے کیلئے فنڈنگ کی اشد ضرورت ہے۔ وہ پنجاب یونیورسٹی کے زیر اہتمام ’مالیکیولر سائنسز میں نئے رجحانات‘ کے موضوع پر بین الاقوامی کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے فیصل آڈیٹوریم میں خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیاز احمد اختر، ڈین فیکلٹی آف لائف سائنسز پروفیسر ڈاکٹر فردوس بریں، ڈائریکٹر سکول آف بائیولوجیکل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر وحید اختر،برطانیہ سے پروفیسر ڈاکٹر جیمز ایچ نیسمتھ، آسٹریلیا سے پروفیسر ڈاکٹر پال اے گلیسن، چائنہ سے پروفیسر ڈاکٹر زینگ ای چینگ، ڈاکٹر صائمہ صدف، لائف سائنسز، فارمیسی، سائنسز اور ہیلتھ سائنسز کے فیکلٹی ممبران، امریکہ، برطانیہ، آسٹریلیا، فرانس، چائنہ، ایران، سعودی عرب، روس اورپاکستان بھر سے 1000سے زائد نوجوان سائنسدان، محققین اور طلباؤ طالبات نے شرکت کی۔اپنے خطاب میں ڈاکٹر عطاء الرحمان نے کہا کہ تعلیم پر سرمایہ کاری کرنے والے ممالک نے تیزی سے ترقی کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آبادی کا ۵۶ فیصد بیس سال سے کم عمر نوجوانوں پر مشتمل ہے جو کہ ہمارا اثاثہ ہیں۔ ڈاکٹر عطاء الرحمان نے کہا کہ پاکستان میں سائنس اور ٹیکنالوجی کی ترقی کیلئے ہمیں نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنا ہو گا۔وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ لائف سائنسز فیکلٹی کے اساتذہ اور طلباء کے 112تحقیقی منصوبہ جات کی فنڈنگ کر رہی ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1