صوابی میں بجلی سپلائی منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائیگا، شہرام خان ترکئی
پشاور(سٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر بلدیات، الیکشنز و دیہی ترقی شہرام خان ترکئی نے کہا ہے کہ صوابی میں بجلی فراہمی کے کئی منصوبوں پر کام جاری ہیں جنہیں بروقت مکمل کرلیا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے ان خیالات کا اظہار واپڈا ہاؤس پشاور میں صوابی میں جاری بجلی سپلائی منصوبہ کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں پیسکو چیف ڈاکٹر امجد خان سمیت دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں ایکسیئن صوابی نے ضلع میں جاری بجلی سپلائی منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے شرکاء کو بریفنگ دی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ڈاگئی فیڈر پر کام مکمل کرلیا گیا ہے جس کا جلد افتتاح کردیا جائے گا جبکہ نوا کلے اور کرنل شیر خان کلے فیڈرز پر جلد کام شروع کیا جا رہا ہے۔ اجلاس میں نواکلے میں قائم کیے جانے والے نئے گرڈ اسٹیشن پر کام کی رفتار کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر بلدیات نے کہا کہ عوام کی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے انہیں بنیادی سہولیات ہر صورت فراہم کی جانی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی سپلائی کے تمام منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کی جائے اور انہیں بروقت مکمل کیا جائے تاکہ علاقے کے لوگ بجلی جیسی بنیادی سہولت سے مستفید ہو سکیں۔ اجلاس میں مردان سے دوبیان گرڈ اسٹیشن تک بجلی لائن کی ریکنڈکٹنگ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ صوبائی وزیر بلدیات نے کہا کہ یہ بجلی سپلائی لائن ایک بڑے علاقے کو روشن کرتی ہے اس لئے اس کی ریکنڈکٹنگ انتہائی ضروری ہے اور اس میں حائل مسائل کو جلد حل کیا جائے۔ اس موقع پر چھوٹا لاہور تا صوابی ادینہ روڈ پر جاری تعمیراتی کام میں حائل بجلی پولز اور ٹرانسفارمرز کو کو چند دن میں ہٹانے کی یقین دہانی بھی کرائی گئی۔