نیشنل گیمز میں تین دن باقی، کھلاڑیوں کی پر یکٹس جاری ہے، محمد عاطف خان
پشاور(سٹاف رپورٹر)نیشنل گیمزکے مقابلوں میں تین دن باقی رہ گئے،پشاور کے قیوم سپورٹس کمپلیکس میں مختلف گیمز کیلئے کھلاڑیوں کی بھرپور پریکٹس جاری ہے۔نیشنل گیمز میں شرکت کیلئے ملک بھر سے مختلف کھیلوں میں حصہ لینے والے کھلاڑی پشاور پہنچ چکے ہیں اور مقابلوں کیلئے ٹریننگ کیمپس میں پریکٹس کررہے ہیں،سینئر وزیر برائے کھیل وثقافت عاطف خان نے ڈائیریکٹو ریٹ آ ف سپورٹس کو تمام کھلاڑیوں کو بہترین سہولیات دینے کی ہدایت کی ہے۔اس حوالے سے ڈی جی سپورٹس اسفندیار خٹک نے کہا ہے کہ نیشنل گیمز مقررہ شیڈول کے مطابق ہی دس سے سولہ نومبر تک منعقد ہوں گی جس کے لئے تیاریوں کو حتمی شکل دی جارہی ہے انہوں نے کہا کہ نیشنل گیمز کے 32مختلف کھیلوں میں دس ہزار سے زائد مرد و خواتین اتھلیٹ اور آفیشلز ملک بھر سے شرکت کررہے ہیں جس کیلئے سینئر وزیرعاطف خان نے بہترین سہولیات دینے کی ہدایت کی ہے۔ نو سال بعد صوبہ خیبرپختونخوا میں کھیلے جانے والی نیشنل گیمز کیلئے خیبر پختونخوا حکومت نے 18کروڑ روپے کی خطیر رقم مختص کی ہے۔گیمز کے کے لئے قیوم سپورٹس کمپلکس کی تزئین و آرائش کا کام بھی جاری ہے۔ جب کہ پشاورشہر کے مختلف مقامات پر خیر مقدمی بینرز اور فلیکسز بھی لگائے جارہے ہیں۔ خیبر پختونخوا کا دارالحکومت پشاور ملک بھر کے بہترین کھلاڑیوں کی میزبانی کرے گا اور اس حوالے سے صوبائی حکومت،صوبے کے عوام اور مقامی کھلاڑی اپنی روایتی مہمان نوازی کا مظاہرہ کریں گے۔نیشنل گیمز کی افتتاحی تقریب دس نومبر کو منعقد ہوگی جس میں عام لوگوں کو بھی شرکت کا موقع دیا جارہا ہے، اس سلسلے میں شہریوں کو دعوت نامے جاری کئے جارہے ہیں جس کے لئے قیوم سپورٹس کمپلکس میں باقاعدہ ٹکٹ بوتھ قائم کردیا گیا ہے۔ جہاں پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر رجسٹریشن کے بعد دعوت نامے جاری ہونگے۔ افتتاحی تقریب میں داخلہ مفت ہوگا تاہم رجسٹریشن ضروری ہے جس کے لئے نام اور شناختی کارڈ نمبر کا اندراج کیا جائیگا۔