سپریم کورٹ میں وزیراعلیٰ سندھ کی نااہلی کیخلاف درخواست پر سماعت،درخواست گزارکے وکیل نے جسٹس منیب اختر پر اعتراض اٹھا دیا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)سپریم کورٹ آف پاکستان میں وزیراعلیٰ سندھ کی نااہلی کیخلاف درخواست پر درخواست گزار کے وکیل نے بنچ کے ممبر جسٹس منیب اختر پر اعتراض اٹھادیا اور لارجر بنچ بنانے کی استدعا کردی،وزیراعلیٰ سندھ کے وکیل مخدوم علی خان نے لارجر بنچ بنانے کی مخالفت کردی۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں وزیرعلیٰ سندھ کی نااہلی کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی،درخواست گزار کے وکیل نے بنچ کے ممبر جسٹس منیب اختر پر اعتراض اٹھادیا،وکیل درخواستگزار نے کہا کہ اس بنچ کے ایک جج نے یہ کیس ہائیکورٹ میں سنا ہوا ہے، جسٹس عمر عطابندیال نے کہا کہ یہ جج اور بنچ کی اپنی چوائس ہے،جسٹس منیب اختر نے کہا کہ ضروری نہیں سمجھتا اس معاملے سے الگ ہوں یہ نظرثانی کی درخواست ہے۔
جسٹس عمر عطابندیال نے کہاکہ کیس کو چلانا ہے تو آج بھی سننے کیلئے تیار ہیں ،درخواست گزار کے وکیل نے مقدمے پر لارجر بنچ بنانے کی استدعا کردی،وزیراعلیٰ سندھ کے وکیل مخدوم علی خان نے لارجر بنچ بنانے کی مخالفت کردی،جسٹس عمر عطابندیال نے کہا کہ پہلے عدالت کو مطمئن کریں پھر لارجر بنچ کے معاملے کو دیکھیں گے ،وکیل وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ نظرثانی درخواست میں لارجر بنچ کی کوئی مثال موجود نہیں۔عدالت نے وزیراعلیٰ سندھ کی نااہلی کیخلاف کیس کی سماعت 2 ہفتے کیلئے ملتوی کردی۔