جنوبی وزیر ستان میں گودام سے اڑھائی کروڑ مالیت کے چلغوزے لوٹ لیے گئے
وانا (ڈیلی پاکستان آن لائن)جنوبی وزیرستا ن میں وانا بائی پاس روڈ پر چوری کی انوکھی واردات ہوئی ہے، گودام سے اڑھائی کروڑ مالیت کے چلغوزے لوٹ لیے گئے ۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی وزیرستا ن میں وانا بائی پاس روڈ پرگودام سے چلغوزوں کی 23بوریاں چر ا لی گئی ہیں ،چور نے عملے کو یرغمال بنا کر چلغوزے چرائے ہیں، گودام مالک نے پولیس کو بتایا کہ چلغوزوں کے 23بوریوں کی مالیت ڈیڑھ کروڑ سے زائد ہے،ڈاکو گودام میں موجود چوکیدار اور دیگرافراد سے اسلحہ ،نقدی اور موبائل بھی چھین کرفرار ہوئے،پولیس نے چوری کی ایف آئی آر درج کرنے کے بعد ابتدائی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
پولیس کے مطابق نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے تحقیقات شروع کردی ہیں، ڈاکوؤں کی تلاش میں چھاپے بھی مارے جارہے ہیں۔ متاثرین گودام مالکان کا کہنا ہے کہ اگر ڈاکوؤں کو گرفتار اور لوٹا ہوا مال برآمد نہ کیا گیا تو وانا بائی پاس روڈ بند کردیں گے۔
واضح رہے کہ خشک میوہ جات میں سب سے مہنگا میوہ چلغوزے ہیں، جس کی قیمت 8 ہزار روپے کلو، اور چھلے ہوئے چلغوزوں کی قیمت 14 ہزار روپے کلو ہے۔