جہاز کے پائلٹ نے غلطی سے الارم بجادیا، ہر طرف کھلبلی مچ گئی
ایمسٹرڈیم(مانیٹرنگ ڈیسک) نیدرلینڈزکے دارالحکومت ایمسٹرڈیم کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک پائلٹ نے غلطی سے جہاز کا الارم بجا دیا جس سے ایئرپورٹ پر کھلبلی مچ گئی اور پورے شہر کی سکیورٹی فورسز وہاں پہنچ گئیں۔ میل آن لائن کے مطابق یہ الارم ہائی جیکنگ کے خطرے سے آگاہ کرنے کے لیے تھا، جس کے بجنے پر ایئرپورٹ انتظامیہ اور سینکڑوں مسافروں کے چہرے پر ہوائیاں اڑنے لگیں، کہ وہاں ہائی جیکنگ ہو گئی ہے۔ ملٹری پولیس کے کمانڈوز برق رفتار ی سے ایئرپورٹ پر پہنچے اور چاروں طرف سے گھیراﺅ کر لیا اور علاقے میں آمدورفت روک دی۔
رپورٹ کے مطابق کئی گھنٹے کی تکلیف دہ صورتحال کے بعد پولیس کی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ الارم ایک ہوائی جہاز کے پائلٹ نے غلطی سے بجا دیا تھا۔ ہر جہاز میں ٹرانس پونڈر موجود ہوتا ہے جس کے ذریعے پائلٹ ہائی جیکنگ یا دوسری کسی انتہائی سنگین صورتحال میں سگنل بھیج سکتے ہیں۔ یہ آلہ اس وقت بھی استعمال کیا جاتا ہے جب جہاز کا کمیونی کیشن سسٹم بند ہو جائے۔ جس پرواز کے پائلٹ نے یہ الارم بجایا وہ ’ایئریورپا‘ نامی فضائی کمپنی کی پرواز تھی اور ایمسٹرڈیم سے سپین کے دارالحکومت میڈرڈ جا رہی تھی۔ کمپنی نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاﺅنٹ پر اس واقعے پر معافی بھی مانگی ہے اور کہا ہے کہ پائلٹ نے غلطی سے ایسا کیا۔ جس پر ہم بہت معذرت خواہ ہیں۔