35 سالہ پاکستانی کو اس کی بیوی نے بجلی کے جھٹکے لگا لگا کر مار ڈالا
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) کراچی میں ایک 35سالہ شخص کو مبینہ طور پر اس کی بیوی نے بجلی کے جھٹکے لگا کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔ ایکسپریس ٹربیون کے مطابق اس شخص کا نام شاہ زمان بتایا جاتا ہے جس کی لاش اس کے خاندان کے لوگ پیرآباد پولیس سٹیشن لے کر گئے۔ پولیس نے لاش تحویل میں لے کر عباسی شہید ہسپتال منتقل کر دی جہاں اس کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔
مقتول کے بھائی ذوالفقار نے اخبارکو بتایا کہ ”ہم آبائی علاقے جیکب آباد میں رہتے ہیں جبکہ ہمارا بھائی شاہ زمان کراچی میں اپنی بیوی عاصمہ کے ساتھ رہتا تھا۔ گزشتہ رات عاصمہ نے ایک ایمبولینس کے ذریعے اس کی لاش جیکب آباد ہمارے پاس بھیجی اور ساتھ پیغام بھیجا کہ ہمارے بھائی نے خودکشی کر لی ہے۔ جب ہم نے میت دیکھی تو اس جسم پر تشدد اور بجلی کے جھٹکے لگائے جانے کے نشانات تھے۔ چنانچہ ہم فوری طور پر میت واپس کراچی لے آئے اور پولیس سٹیشن لے گئے۔“
ذوالفقار نے مزید بتایا کہ ”کراچی آنے کے بعد ہم نے اپنے بھائی کے ہمسایوں سے پوچھا تو انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز وہ کئی گھنٹے تک ہمارے بھائی کے چیخنے چلانے کی آوازیں سنتے رہے۔ ہمسایوں نے کہا کہ جب وہ آوازیں سن کر ان کے گھر گئے تو عاصمہ نے انہیں اندر نہیں جانے دیا اور یہ کہہ کر دروازے سے واپس بھیج دیا کہ شاہ زمان کو پیٹ میں شدید درد ہے جس کی وجہ سے وہ چیخ چلا رہا ہے۔ اس کے بعد ممکنہ طور پر عاصمہ نے شاہ زمان کے منہ میں ریت بھر دی تھی تاکہ وہ چلا نہ سکے۔ مرنے کے بعد جب اس کی لاش ہمارے پاس پہنچی تب بھی اس کے منہ میں ریت موجود تھی۔ “ پولیس کا کہنا ہے کہ ”شاہ زمان کی لاش پر تشدد اور بجلی کے جھٹکے لگنے کے بے شمار نشانات ہیں اور ہاتھوں او رپیروں پر نشانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسے باندھ کر رکھا گیا تھا۔ تاہم اصل حقیقت پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے پر ہی سامنے آئے گی۔“ پولیس نے عاصمہ کو گرفتار کر لیا ہے اور اس کے ساتھیوں کو گرفتار کرنے کے لیے مختلف جگہوں پر چھاپے مار رہی ہے۔