اپنی ماں کے لئے رشتہ کی تلاش ہے، نوجوان لڑکی کی سوشل میڈیا پوسٹ نے دھوم مچادی
نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) مائیں تو اپنی بیٹیوں کے رشتے تلاش کرتی ہیں لیکن گزشتہ دنوں بھارت میں ایک بیٹی نے اپنی ماں کے رشتے کے لیے ٹوئٹر پر ٹویٹ کر دی جس نے انٹرنیٹ پر ہلچل مچا رکھی ہے۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق اس لڑکی کا نام آستھا ورما ہے جس نے اپنی اور اپنی ماں کی ایک تصویر پوسٹ کی اور ساتھ لکھا کہ ”میری ماں کے رشتے کے لیے رشتہ درکار ہے۔ مرد ہینڈ سم ہو اور اس کی عمر 50سال تک ہو۔ وہ سبزی خور ہو، شراب نہ پیتا ہو اور مالی طور پر مستحکم ہو۔“
آستھا کی یہ ٹویٹ آن کی آن میں وائرل ہو گئی اور لوگ بیٹی کی تعریف کے ساتھ ساتھ اس کی ماں کے لیے نیک تمناﺅں کا بھی اظہار کر رہے ہیں۔ گوکل نامی شخص نے لکھا کہ ”تم پر فخر ہے۔ آل دی بیسٹ“ وکاس نامی شخص نے کہا کہ ”آل دی بیسٹ اور آنٹی کو پرنام۔“یوگنی نامی خاتون نے لکھا کہ ”اچھا آئیڈیا ہے۔ آپ کی ماں کے لیے نیک تمنائیں۔“کرونا گوپال نامی لڑکی نے لکھا کہ ”تمہاری ہمت کو سلام، میری ماں بھی 36سال کی عمر میں بیوہ ہو گئی تھی۔ کاش اس وقت میں بھی ایسا کر پاتی۔“