”امید نہیں کہ پاکستانی ٹیم تیسرا میچ بھی جیت سکے“ سابق کرکٹر نے تشویشناک بات کہہ دی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کے سابق کرکٹر عاقب جاوید نے کہا ہے کہ آسٹریلوی سرزمین پر موجودہ پاکستانی ٹیم سے زیادہ امید نہیں رکھنی چاہئے کیونکہ جس طرح انہوں نے گزشتہ دو میچوں میں کارکردگی دکھائی ہے، امید نہیں کہ وہ آخری ٹی 20 بھی جیت پائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق عاقب جاوید نے کہا کہ اس ٹیم میں کوئی پرفارمر نہیں، بیٹنگ اور باﺅلنگ دونوں شعبوں میں کوئی ایسا نظر نہیں آرہا جو میزبان ٹیم کیلئے خطرہ بن سکے، بابر اعظم ٹی 20 کرکٹ کا بہترین اور وقت کا کامیاب ترین بلے باز ہے لیکن اس کا سٹرائیک ریٹ کم ہے، اسے چاہیے کہ وہ اس جانب توجہ دے۔
عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ فخرزمان بھی رنز نہیں بنا پارہے جس سے ٹیم کی مشکلات میں اضافہ ہورہاہے، اگر بابر اعظم کے ساتھ فخرزمان رنز کرے گا تو پھر کہیں جاکر 170 یا اس سے زیادہ کا مجموعہ بن سکتاہے، جس طرح دوسرے ٹی 20 میں افتخار احمد کھیلاہے ، اسے چاہیے کہ اس چیز کو اگلے میچزمیں بھی دہرائے، صرف ایک میچ میں پرفارم کرنے سے ٹیم کو فائدہ نہیں ہوتا۔
عاقب جاوید نے مزید کہا کہ اگر آسٹریلوی ٹیم کی بات کریں تو وہ ہر فارمیٹ میں بہترین پلاننگ کے ساتھ میدان میں اتررہے ہیں، ان کی وکٹ بے شک گرجائے مگر وہ کوشش کرتے ہیں کہ ہر اوور میں 8 یا اس سے زیادہ سکور بنے، اگر آپ کا سٹرائیک ریٹ بہتر رہے گا تو ایک بڑا ٹوٹل بن پائے گا۔