لاہور شہر میں فضائی آلودگی کا راج ، آلودگی سے بچاؤکیلئے محکمہ ماحولیات کی سست روی بھی برقرار
لاہور(آئی این پی)لاہورشہر میں فضائی آلودگی کاراج،آلودگی سےبچاؤکیلئے محکمہ ماحولیات کی سست روی بھی برقرار،ماحولیاتی آلودگی سے چھٹکارے کیلئے محکمہ ماحولیات خاطر خواہ اقدامات نہ کرسکا، محکمہ ماحولیات کو ڈویلپمنٹ کے شعبہ کیلئے 20 کروڑ روپے ملے مگرایک پائی بھی خرچ نہ ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں محکمہ تحفظ ماحولیات کیلئے رواں مالی سال میں ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے مختلف منصوبہ جات کیلئیایک ارب روپے کا فنڈز مختص کیا گیا تھا جس میں پہلے کوارٹرکیلئے20کروڑ روپے کا اجرا کیا گیا، لیکن محکمہ ماحولیات نے ایک پائی بھی خرچ نہیں کی۔ فنڈز خرچ نہ کرنے پرچیئرمین پی اینڈ ڈی بورڈ نے سیکرٹری ماحولیات کو مراسلہ بھی لکھا لیکن کوئی خاطر خواہ اقدامات نہ کیے گئے۔دوسری جانب محکمہ ماحولیات نے عالمی بینک کے تعاون سے شروع کیے جانیوالے گرین ڈویلپمنٹ پروگرام کی تقریب رونمائی تو کردی مگرکوئی سٹاف ابھی تک بھرتی نہیں کیا، جس پر عالمی بینک نے گرین ڈویلپمنٹ پروگرام میں سست روی پر تحفظات کا اظہارکیا ہے۔