ہمارے دشمن زندہ نہیں باہر سے ان کے تابوت ہی آئیں گے:وفاقی وزیر غلام سرور خان
راولپنڈی(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیرہوابازی غلام سرور خان نےکہاہےکہ بجلی،گیس،آٹا چینی کی مہنگائی کے پیچھے بھی یہ ’چالیس چور‘ ہیں، پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا،یہ لوگ احتساب سے نہیں بچ سکیں گے،پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)حکومت کی پہلی ترجیح ملکی سلامتی اور استحکام ہے،ہمارے دشمن زندہ نہیں باہر سے ان کے تابوت ہی آئیں گے ۔
راولپنڈی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے غلام سرور خان نےکہا کہ اپوزیشن عوام کو مایوسی کی طرف دھکیل رہی ہے،عوام پریشان نہ ہو اور نہ ہی اپوزیشن کےہتھکنڈے میں آئے، پیپلزپارٹی اورن لیگ35 سالوں میں کوئی کام نہ کر سکی لیکن یہ آج ہم سے تین سال کا پوچھ رہے ہیں،ہم ان کا احتساب نہیں چھوڑیں گے،ہم ان سے حساب لیکر رہیں گے،ہم نےملک دشمنوں سے نمٹنا اور پھر ان کا احتساب کرنا ہے،ہم اس پر کوئی کمپرومائز نہیں کرینگے ،کوئی این آر او نہیں ہوگا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ شیطانی اپوزیشن لوگوں کی دلوں میں وسوسے ڈال رہی ہے ، اللہ تعالی نے اپنی آخری کتاب قرآن مجید کے آخری پارے کی آ خری سورہ اس لیے اتاری کہ جب شیطان تم کو بہکانے آئے، ورغلانے آئے تو یہ آیت پڑھ کرپھونکو گے تو اللہ تعالی آپ کو شیطان کے شر سے محفوظ رکھے گا ،اللہ تعالی آپ کو ان سیاسی شیطانوں کے شر سےبھی محفوظ رکھے،انشاءاللہ ہم یہ مدت بھی پوری کریں گےاورخدمات کی بنیاد پر کہہ رہا ہوں کہ تحریک انصاف اگلا الیکشن بھی جیتے گی۔
انہوں نے ن لیگ کی قیادت پر نام لئے بغیر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں یوم الحساب پر ایمان ہے،میرا ایمان ہے کہ سب کو حساب دینا ہے، انہیں بھی حساب دینا ہوگا، ہمارے دشمن آج سینکڑوں میل دور بیٹھے ہیں، ان کا تابوت ہی وہاں سے آئے گا ،یہ زندہ نہیں آئینگے ،جیسے انکے بڑوں کے تابوت آئے، ویسے ہی انکے بھی آئینگے۔
غلام سرور خان نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ بین الاقومی سطح پر بھی مہنگائی ہے اور کورونا کے بھی اثرات ہیں،ہم اللہ کے فضل سے مہنگائی کے جن پر بھی قابو پائیں گے، بے روزگاری بھی کم کرنے کی کوشش کریں گے،ڈویلپمنٹ بھی ہوگی، سکول، کالج اور یونیورسٹیاں بھی بنیں گی، اس پورے علاقے میں وہ کوئی ہسپتال نہیں دے سکے،انشاءاللہ تعالی 26 ارب کی لاگت سے 25 دسمبر کو عمران خان راولپنڈی رنگ روڈ کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔