صاف پانی کی فراہمی کیلئے ہرشہر میں فلٹریشن پلانٹ لگائیں گے: چودھری سرور 

صاف پانی کی فراہمی کیلئے ہرشہر میں فلٹریشن پلانٹ لگائیں گے: چودھری سرور 

  

پتوکی،چیچہ وطنی (نامہ نگار،نمائندہ خصوصی) پنجاب بھر کے عوام کو صاف پانی مہیا کرنے کے لیے ہر شہر میں زیادہ سے زیادہ واٹر فلٹریشن پلانٹ لگائے جائیں گے، ماضی کی حکومتوں نے عوام کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھا انشااللہ پنجاب حکومت اس اہم مسئلے پر بہترین ورک کر رہی ہے ان خیالات کا اظہار گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے نواحی گاؤں گہلن اور ٹبی میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کے افتتاح کے موقع پر کیا۔انہوں نے کہا کہ مجھے معلوم ہے کہ پتوکی کے باسی صاف پانی سے محروم ہیں اور زیر زمین پانی بھی مضر صحت ہے اس لئے ہم ہر علاقے میں واٹر فلٹریشن پلانٹس لگارہے ہیں۔اس موقع پر مقامی افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور گورنر پنجاب کے اس منصوبے کو سراہا۔دریں اثناء  شیخ فاضل میں عظیم روحانی پیشوا حضرت خواجہ صوفی اللہ داد سہو کے 134 ویں 2 روزہ عظیم الشان عرس مبارک کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ برصغیر ایشیاء  کے عظیم روحانی پیشوا شہنشاہ ولایت حضرت خواجہ  صوفی اللہ داد سہو اللہ کے 134 ویں سالانہ عرس مبارک پر حاضری میرے لئے فخر کی بات ہے کیونکہ میں سمجھتا ہوں کہ بہت بڑا علم حاصل کرنے سے زیادہ سکون اللہ تعالیٰ کے نیک بندوں مشائخ عظام کی محفلوں میں ملتا ہے بزرگانِ دین نے ہمیشہ اللہ تعالیٰ کی تعلیمات اور پیارے رسول حضرت محمدؐکی اطاعت و فرمانبرداری کا درس دیا ، مسلمانوں کے اسلام کے جھنڈے تلے اکٹھے ہونے کا وقت آ گیا ہے۔ اس موقع پرسجادہ نشین آستانہ عالیہ و سابق معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب  حضرت خواجہ نور محمد سہو، تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما رائے حسن نواز خاں، چیئرمین میونسپل کمیٹی چیچہ وطنی رانا محمد اجمل خاں،ضلعی چیئرمین پاکپتن اسلم سکھیرا،سابق جنرل سیکرٹری چیچہ وطنی پریس کلب چوہدری غلام دستگیر سہو اور وفاقی و صوبائی وزرا،عظیم المرتبت مشائخ عظام علماء نعت خواں سمیت ہزاروں مریدین بھی موجود تھے۔بعد میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور رائے ہاؤس پہنچے جہاں انہوں نے تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما رائے حسن نواز خاں اور ممبر قومی اسمبلی رائے مرتضیٰ اقبال ایڈووکیٹ، چیئرمین میونسپل کمیٹی رانا محمد اجمل خاں، صدر مرکزی انجمن تاجران حافظ ساجد محمود،سینئر نائب صدر محمد حارث دانش،جنرل سیکرٹری آصف سعید چوہدری سمیت دیگر عہداران سے ملاقات کی۔

گورنر پنجاب

مزید :

صفحہ آخر -