وزیراعظم سے عثمان ڈار کی ملاقات،کامیاب جوان پروگرام کی رپورٹ پیش
اسلام آباد(آئی این پی)وزیراعظم نے زندگی کے تمام شعبوں میں نوجوانوں کی موثر شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان کسی بھی معاشرے میں تبدیلی کا اصل محرک ہوتے ہیں، ہم ان کی توانائیوں کو اپنے ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے ایک مثبت سمت میں استعمال کرنے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں،ہم نوجوانوں کی اس کثیر تعداد کوملک و قوم کے لیے ایک عظیم سرمائے میں تبدیل کرنے کے لیے سخت محنت کر رہے ہیں تاکہ بہتر تعلیم اور ہنر کے ذریعے ان کی استعداد کار میں اضافہ کیا جاسکے، انہوں نے ان خیالات کا اظہارمعاون خصوصی برائے امور نوجوانان محمد عثمان ڈار سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، عثمان ڈار نے ہفتہ کو وزیر اعظم سے ملاقات کی اوروزیر اعظم کو کامیاب جوان پروگرام کی 02سالہ کارکردگی رپورٹ پیش کی،وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ یوتھ انٹرپرینیور سکیم (YES)کے تحت دو سال قبل سکیم کے آغاز سے اب تک 23ارب روپے مالیت کے 16,617رعایتی کاروباری قرضے تقسیم کیے جا چکے ہیں، کامیاب جوان اسکل فار آل پروگرام کے تحت نوجوانوں کو اب تک 4.7بلین روپے کی لاگت سے 101,447سکل اسکالرشپ سے نوازا جا چکا ہے۔وزیراعظم کو یہ بھی بتایا گیا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت نوجوانوں کے فائدے کے لیے مزید پانچ اقدامات بھی جلد شروع کیے جا رہے ہیں۔ ان اقدامات میں 106یونیورسٹیوں میں کامیاب جوان مراکز کا قیام، گرین یوتھ موومنٹ (جی وائی ایم)، کامیاب جوان انوویشن لیگ، کامیاب جوان ٹیلنٹ ہنٹ سپورٹس لیگ، اور کامیاب جوان اسپورٹس اکیڈمیز اور اسپورٹس گالا شامل ہیں،وزیراعظم نے نوجوانوں کی زندگی کے تمام شعبوں میں موثر شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے کی ہدایت کی تاکہ انہیں اعلی مقاصد کے حصول میں مدد مل سکے۔
عثمان ڈار